سوات (زما سوات ڈاٹ کام) گورنمنٹ سیدو میڈیکل کالج کے سالِ دوم کے طالب علم اور بیڈ مینٹن کے انٹرنیشنل کھلاڑی عبدالباسط بیڈ مینٹن کا ضلعی چمپئن بن گیا۔ سوات سپورٹس جمنازیم میں کمشنر ملاکنڈ بیڈمنٹن چمپئن شپ کا انعقاد کیا گیا جس میں بیڈ منٹن کے 50 سے زائد کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ فائنل سنگل میں عبدالباسط کا مقابلہ فراز احمد کے ساتھ ہوا جس میں عبدالباسط نے فراز احمد کو سٹریٹ سیٹس میں شکست دی۔فائنل ڈبل میں عبدالباسط اور فراز احمد نے حمزہ خان اور شاہد خان کو سٹریٹ شکست دی۔ جونیر سنگل میں شاہد خان نے عماد کو شکست دے دی۔ ڈبل ویٹرن مقابلوں میں نعمت اللہ اور اسرار نے ضیاء اللہ خان اور ایس پی انوسٹی گیشن نذیر کو شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کرلی۔ فائنل مقابلوں کے مہمان خصوصی کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیر الاسلام تھے۔ سکواش کے جونیر ورلڈ چمپئن احسن ایاز، ایس پی انوسٹی گیشن نذیر احمد اور پاکستان بیڈ منٹن فیڈریشن خیبر پختونخوا کے صدر ظفر علی کا کا، سوات بیڈمنٹن فیڈریشن کے صدر یحیٰ دولت خیل، ریجنل سپورٹس آفیسر کاشف خان اور دیگر کھلاڑیوں اور شائقین نے شرکت کی۔ مہمانِ خصوصی کمشنر ملاکنڈ نے کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔