سوات(زما سوات ڈاٹ کام) پاکستان مسلم لیگ ن کے صوبائی صدر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ عمران خان اسرائیل اور بھارت سے آنے والے پیسوں کا جواب دیں، وہ الیکشن کمیشن کو تسلیم ہی نہیں کرتے، موجودہ حکومت میں اداروں کو مفلوج کردیا گیا ہے۔ تحصیل خوازہ خیلہ میں شمولیتی تقریب اور بعد ازاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر مقام نے کہا کہ پی ٹی آئی والے عالمی جھوٹے ثابت ہوئے ہیں،قرضے لینا اور سود میں عوام کو ڈبونا حکومت کا شیوہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین کا سیکنڈل آئے توڈ ی جی ایف آئی اے کو ہٹادیاجاتا ہے، این آر او نہ دینے والے عمران خان صبح و شام اپنے دستوں کو این آر او دے رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دیار غیر میں مقیم پاکستانیوں پر بیرون ملک جانے کےدروازے بند کئے گئے ہیں،پوری دنیا بیرون ملک سفر کرسکتی ہے صرف پاکستان ہی ہے جس پر دیگر ممالک نے سفری پابندیاں عائد کردی ہے، انہوں نے کہا خارجہ پالیسی ہو یا داخلہ پالیسی موجودہ حکومت دونوں میں ہی ناکام نظر آرہی ہے۔انہوں نے کہا کہ خیرات مانگ مانگ کر عمران خان نے ملک کو بدنام کردیاہے ، مستقبل میں مسلم لیگ ن ہی کامیابی حاصل کرے گی اور ملک کو بحرانوں سے نکالے گی۔
4جولائی کو سوات میں ہونے والے پی ڈی ایم کے جلسے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ سوات میں پی ڈی ایم کا کامیاب جلسہ ہوگا ،پی ڈی ایم کی تحریک کا دوسرا مرحلہ سوات سے حکمرانوں کی تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔
انہوں نے بجٹ کے حوالے سے بتایا کہ وفاقی اور صوبائی دونوں بجٹ میں عوام کو ریلیف نہیں دیا گیا ،موجودہ حکومت واحد حکومت ہے،جسے عوام کی مصیبت دیکر سکون ملتاہے،” مینگورہ منگلور روڈ اور کالام روڈ پر رابطہ پلوں کا منصوبہ ختم کیا گیا،نالائق حکمرانوں نے بشام خوازہ خیلہ ٹنل کو سی پیک سے نکال دیا،سوات موٹروے فیز ٹو کا منصوبہ گروی رکھنے کے سوا کچھ نہیں،شانگلہ کی یونیورسٹی کا منصوبہ بھی بجٹ سے نکال دیاگیا اور ہمارے وقت کے گیس منصوبوں کو دفن کردیا گیا۔
اس موقع پر خوازہ خیلہ جانو کے سابقہ ناظم و پیپلز پارٹی کے نائب ناظم غریب خان نے اپنے خاندان اور دوستوں کے ہمراہ مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کرلی۔