سوات (زما سوات ڈاٹ کام ۔17جولائی 2017 ء )خیبر پختونخوا کے وزیر کھیل و ثقافت میوزیم امور نوجوانان اور پاکستان تحریک انصاف ملاکنڈ ریجن کے صدر محمود خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان نے عوام میں سیاسی شعور بیدار کیا اور اب عوام کے لئے کھرے اور کھوٹے کی تمیز کرنا ممکن ہوا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ صرف بلند و بالا عمارتیں یا سڑکوں کی تعمیر سے ملک و قوم کی ترقی ممکن نہیں جبکہ معاشرے کے ہر فرد کو اسکے بنیادی حقوق اور انصاف فراہم کرنے سے ہی کوئی بھی معاشرہ یا ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکتا ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے مٹہ سوات میں ایک شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر اے این پی کے ممتاز سرکردہ کار کنان نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں کو با اختیار بورڈ کے حوالے کر دیا ہے تا کہ سہولیات غریب عوام کی دہلیز پر مل سکیں۔ محمود خان نے کہا کہ پختونوں کے حقوق کے علمبردار صوبے میں ووٹ حاصل کرنے کے بعد اپنی عیاشیوں میں لگے رہے ۔ انہوں نے ملائشیا کے بنکوں میں بیلنس بنائے اور جائیدادیں و کاروبار شروع کرکے غریبوں اور پختونوں کے حقوق کوبھلا دیا گیا ۔انہوں نے وزیر اعظم اور ان کے خاندان کو مشورہ دیا کہ وہ عدالت کے فیصلے کو سر خم تسلیم کرتے ہوئے اخلاقی طور پر فوری مستعفی ہوں کیونکہ جے آئی ٹی کے فیصلے کے بعد وزیر اعظم کے عہدے پر رہنا جواز نہیں بنتا۔ انہوں نے کہا کہ ان مفاد پرست سیاستدانوں کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان کا بچہ بچہ لاکھوں روپے کا مقروض ہے۔ صوبائی وزیر نے سپاسنامہ میں پیش کردہ مسائل کا ذکر کرتے ہوئے علاقے کے پرائمری سکول میں مزید 2 کمروں کی تعمیر ، چتکاری روڈ اور پل کی تعمیر کا بھی اعلان کیا۔
اشتہار