سوات (زما سوات ڈاٹ کام ، 25 آگست 2018ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ کے آبائی حلقہ مٹہ میں بجلی کی ظالمانہ اور غیراعلانیہ بجلی بندش کے خلاف عوام کا مسلسل تیسرے روز تک احتجاجی مظاہرہ کے دوران گزشتہ روز مینگورہ تا کالام سڑک ہر قسم ٹریفک کے لئے بند کردیا گیا ،چار گھنٹوں تک سڑک بند کرنے کے بعد مظاہرین پُرامن طور پر منتشر ہوگئے ، روڈ کی بندش سے سیاحوں سمیت مقامی لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا ، مظاہرین کا محکمہ واپڈا اور حکومت کے خلاف شدید نعرہ بازی ، مظاہرین کا کہنا تھا کہ پچھلے کئی مہینوں سے گھنٹوں گھنٹوں تک بجلی بند رہتی ہے، کئی بار محکمہ واپڈا کو اس حوالہ سے شکایت کی گئی لیکن ان کے پاس کوئی حل نہیں ہے، پورے تحصیل مٹہ میں ایک گھنٹے بجلی آنے کے بعد کئی کئی گھنٹوں تک بجلی بند رہتی ہے جس کو اب کسی صورت برداشت نہیں کیا جاسکتا، مظاہرین نے وزیر اعظم عمران خان ، وزیر اعلیٰ کے پی کے محمود خان اورمحکمہ واپڈا سے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔