فضاء گٹ: سوات میں پولیس سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک پولیس اہلکار جاں بحق، جبکہ ایک افسر زخمی ہو گیا۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب مجرم اشتہاری احمد زیب کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پولیس نے مجرم اشتہاری احمد زیب کے گھر پر چھاپہ مارا، جو انسپکٹر رحیم خان قتل کیس میں پولیس کو مطلوب تھا۔ چھاپے کے دوران اشتہاری نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، جس کے جواب میں پولیس نے جوابی کارروائی کی۔
فائرنگ کے تبادلے میں کنسٹیبل نیاز محمد (نمبر 642) جاں بحق ہو گئے، جبکہ اے ایس آئی امجد اقبال زخمی ہو گئے۔ جوابی کارروائی میں احمد زیب بھی ہلاک ہو گیا۔
آپریشن کی نگرانی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) سوات ناصر محمود خود کر رہے تھے۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔