سوات(زما سوات ڈاٹ کام)انتظامیہ اور مافیا کی ملی بھگت سے دریائے سوات کی خوبصورتی ماند پڑ گئی ہے، کرش مافیا نے دریاء کا حلیہ بگاڑ کے رکھ دیا ہے جبکہ متعلقہ ادارے اور ایم پی اے فضل حکیم بھی خاموش تماشائی بن گئے ہیں۔دریائے سوات سے ریت اور بجری نکالنے کے لئے مختلف مقامات پر کرش مافیا سرگرم ہے،پابندی کے باوجود انتظامیہ اور مافیا کی ملی بھگت سے ریت اور بجری نکالی جا رہی ہے جس کے باعث دریائے سوات کی خوبصورتی ماند پڑ گئی ہے۔ مقامی ایم پی اے فضل حکیم نے دریائے سوات کنارے والکنگ ٹریک کا منصوبہ بھی شروع کیا ہے جو بند پڑاہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مقامی ایم پی اے بھی دریائے سوات کی خوبصورتی کو بچانے میں ناکام ہوگئے ہے اور کسی قسم کی دلچسپی نہیں لے رہے، ابھی تک ایم پی اے فضل حکیم نے محکمہ ایریگیشن اور محکمہ معدنیات اور ضلعی انتظامیہ کا مشترکہ اجلاس تک نہیں بلایا ہے ۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ دریائے سوات کی خوبصورتی تباہی کی طرف مختلف مافیا دھکیل رہے ہیں رہے ہیں اورمحکمہ ایریگیشن و ضلعی انتظامیہ مکمل طور پر خاموش ہوگئے ہیں۔اس کے ساتھ ساتھ کالام سے شروع ہونے والا تجاوزات کا آپریشن بھی بند کردیا گیا ہے جس نے کئی سوالات پیدا کردئے ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن کو صرف کالام تک نہیں پورے ضلع تک بڑھایا جائے اور دریائے سوات کی خوبصورتی برقرار رکھنے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔