سوات (زما سوات ڈاٹ کام)سوات کے سیاحتی علاقہ مالم جبہ میں نجی کمپنی کی جانب سے سیاحوں کو لوٹنا شروع کردیا گیا، سکینگ ریزارٹ کی انٹری فیس 200 روپے ہو گئی جبکہ مالم جبہ ہوٹل میں عام لوگوں کی انٹر ی پر فی کس ایک ہزار روپے لئے جا رہے ہیں۔مالم جبہ میں موجود مقامی سیاحوں کا کہنا ہے کہ مالم جبہ کی انٹری فیس پہلے 100 روپے لی جاتی تھی لیکن اب 200 روپے لئے جا رہے ہیں جبکہ اس کے ساتھ ساتھ مالم جبہ کے ہوٹل میں عام لوگوں کو تو پہلے اندر جانے نہیں دیا جاتا اور اگر کوئی ہوٹل کے اندر جانا چاہے تو فی کس ایک ہزار روپے دینے پڑتے ہیں جو سراسر ذیادتی اور نا انصافی ہیں۔ سیاحوں کا کہنا ہے کہ مالم جبہ میں موجود نجی کمپنی مقامی لوگوں کو انٹری نہیں دیتی جس کے باعث مقامی لوگ اور سیاح حسین نظاروں کو دیکھنے سے محروم ہیں۔ سیاحوں اور مقامی لوگوں نے انتظامیہ اور اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ مالم جبہ میں جاری ناانصافی پر نوٹس لیا جائے اور وہاں کی سیاحت میں مقامی لوگوں کو ریلیف دیا جائے۔