مانسہرہ (ویب ڈیسک ) پولیس کے مطابق مانسہرہ کے علاقے دربند میں دوسالہ بچی جنت بی بی 4 روز قبل لاپتہ ہوئی تھی جسے جمعرات کو کنوئیں سے زندہ نکال لیاگیا تھا تاہم مقامی ہسپتال میں ڈاکٹر نہ ہونے کی وجہ سے ڈسپنسرز اسے نہ بچا سکے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ 2 سال کی جنت بی بی کو نامعلوم شخص کنویں میں پھینک کرفرارہوگیا تھا۔ راہ گیر نے بچی کے رونے کی آواز سنی تو اطلاع دی جس پر بچی کو بحفاظت نکال کر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ڈاکٹرز کا کہنا ہےکہ بچی کو ہسپتال لانے سے 6 گھنٹے پہلے کنوئیں میں چھوڑا گیا، شدید سردی لگنے کی وجہ سے بچی کو سانس کی تکلیف تھی۔
دوسری جانب بچی کے ورثاء کا کہنا ہے کہ دربند ہسپتال والوں نے ہمیں پوسٹ مارٹم کے لیے تحصیل ہسپتال اوگی بھجوادیا، اوگی والوں نے انکار کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال مانسہرہ بھجوایا مگر ہر شخص کہتا ہے کہ یہ ہمارا کیس نہیں ہے۔
ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال مانسہرہ کے میڈیکل آفیسر ڈاکٹر فیصل نے میڈیا کو بتایا کہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کے سخت احکامات کے باوجود ہم نے انسانی ہمدردی کے تحت بچی کا پوسٹ مارٹم کردیا ہے۔
بچی کے اہل خانہ اور اہل علاقہ نے آئی جی خیبرپختونخوا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس معاملے کی تحقیقات کروائیں اور ملزمان کو سزا دی جائے۔