سوات (زما سوات) پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرین کے چیئرمین اور سابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ وفاق اور صوبے میں برسرِ اقتدار حکومتیں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہیں، جن کی باہمی کشیدگی سے عوام بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ وہ سوات پریس کلب میں “میٹ دی پریس” پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر پی ٹی آئی پارلیمنٹرین کے صوبائی صدر سید حبیب علی شاہ، سابق امیدواران اسمبلی عثمان غنی، عبدالغفور، رہنما سید آصف باچا و دیگر بھی موجود تھے۔
محمود خان نے اپنے خطاب میں خیبرپختونخوا میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 40 فیصد علاقے نوگو ایریاز بن چکے ہیں، جبکہ حکومت مکمل طور پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے موجودہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ اور ان کی کابینہ ترقیاتی کاموں میں کوئی دلچسپی نہیں لے رہے۔
انہوں نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے تحت صوبے کو مکمل اختیارات حاصل ہیں، لیکن اس کے باوجود معدنی وسائل اور دیگر اہم شعبوں میں وفاق کی مداخلت جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے کو بجلی کی رائلٹی نہیں دی جا رہی اور وسائل پر وفاق کا غیر منصفانہ کنٹرول اب بھی برقرار ہے۔
محمود خان نے اپنے دور کے منصوبوں کے خاتمے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے سڑکوں، یونیورسٹیوں، کالجوں اور دیگر ترقیاتی کاموں کے لیے مختص 18 ارب روپے واپس بھجوا دیے ہیں، جو عوام کے ساتھ زیادتی کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی جانب سے مہنگائی پر قابو پانے میں ناکامی، پیٹرول و بجلی کی قیمتوں میں اضافہ، اور افغان مہاجرین کے معاملے پر ناقص حکمت عملی نے عوامی مسائل کو مزید بڑھا دیا ہے۔
افغان مہاجرین کے حوالے سے محمود خان نے مؤقف اختیار کیا کہ غیر قانونی مہاجرین کو ملک بدر کیا جا سکتا ہے، تاہم قانونی مقیم افغانوں پر ٹیکس عائد کر کے انہیں معاشی دھارے میں شامل کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سوات سے منتخب ہونے والے موجودہ اراکین اسمبلی کی خاموشی اور عدم فعالیت علاقے کے لیے نقصان دہ ثابت ہو رہی ہے۔ محمود خان نے مولانا فضل الرحمن پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ خیبرپختونخوا میں سنجیدہ سیاست نہیں کر رہے، اور پی ٹی آئی ہی ان کے لیے سب سے بڑا چیلنج ہے۔
آخر میں محمود خان نے کہا کہ ان کی قیادت میں پی ٹی آئی پارلیمنٹرین ایک متحرک سیاسی قوت کے طور پر کام کر رہی ہے اور عوامی مسائل کو ہر فورم پر اجاگر کرتی رہے گی۔