محکمہ اوقاف کی جانب سے سوات و بونیر میں اقلیتی برادری کے مستحق افراد میں وظائف و گرانٹس تقسیم

سوات/بونیر (نمائندہ خصوصی) — محکمہ اوقاف خیبرپختونخوا کے زیر اہتمام سوات اور بونیر میں اقلیتی برادری کے مستحق افراد میں وظائف اور فلاحی گرانٹس کی تقسیم کے لیے ایک باوقار تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب میں نوجوانوں کو تعلیمی سکالرشپ، بیوہ خواتین کو بیوہ گرانٹ، نادار بچیوں کو جہیز گرانٹ، معذور افراد کو سپیشل پرسن گرانٹ اور بزرگ شہریوں کو پنشن گرانٹ فراہم کی گئی۔

تقریب میں اقلیتی برادری کے نمائندہ رہنما سردار ہومی سنگھ اور محکمہ اوقاف کے افسران عبدالرحمن، آصف سمیت دیگر شریک ہوئے۔ مستحق افراد میں گرانٹس اور وظائف تقسیم کیے گئے تاکہ انہیں معاشی استحکام اور بہتر مستقبل کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔

محکمہ اوقاف کے مطابق یہ اقدام اقلیت دوست پالیسیوں کا حصہ ہے جس کا مقصد اقلیتی برادری کے محروم طبقات کی فلاح و بہبود اور تعلیمی و معاشرتی ترقی کو فروغ دینا ہے۔