سوات (زما سوات ڈاٹ کام )سوات کے علاقہ مدین میں لاک ڈاون کے موقع پر شاپنگ مال کا افتتاح،مقامی دکانداروں کا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر مقامی ایم پی اے اور شاپنگ مال مالک کے خلاف احتجاج، فریقین میں تصادم اور ہاتھا پائی، شاپنگ مال اونر کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ ذرائع کے مطابق جمعہ کے دن سوات کے علاقہ مدین میں سکول روڈ پر ایک شاپنگ مال کا افتتاح ہونا تھاجس کے لئے حلقہ پی کے پانچ ایم پی اے فضل حکیم خان کو مدعو کیا گیا تھا۔افتتاح کے موقع پر مدین بازار کے دیگر دکانداروں نے اس بات پر احتجاج کیا کہ لاک ڈاون میں اُن کی دکانیں بند کردی گئی ہے جبکہ ایم پی اے اور شاپنگ مال اونر ایس اوپیز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے افتتاح کررہے ہیں جس پر ایم پی اے کی سیکورٹی اہلکاروں نے احتجاج کرنے والے دکانداروں کو منتشر کرنا چاہا، ذرائع کا کہنا ہے کہ اس موقع پر دکانداروں اور ایم پی اے کے ساتھ موجود لوگوں کے درمیان ہاتھا ہائی بھی ہوئی جس میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ واقعے کے بعد اسسٹنٹ کمشنر بحرین نے مذکورہ شاپنگ مال اونر ساجد شاہ ولد مکین شاہ سکنہ شاہ گرام مدین کے خلاف کورونا وباء کے ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے اور لاک ڈاون میں افتتاح کرنے پر 33 این ڈی ایم اے ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے اُسے گرفتار کرلیا گیا۔