سوات(زما سوات ڈاٹ کام) سوات سے تعلق رکھنے والے نامور صحافی اور خیبر نیوز کے اینکر احسان حقانی نے مری سے مالم جبہ تک تین سو کلومیٹر پیدل سفر کرکے ایک نیا ریکارڈ قائم کردیا۔ اس حوالے سے ان کے اعزاز میں محلہ لنڈیکس کے مکینوں نے ایک تقریب کا انعقاد کیا ۔ تقریب میں خپل کور ماڈل سکول کی جانب سے انہیں اعزازی شیلڈ دیا گیا اور علاقہ کے لوگوں کی جانب سے انہیں ہار پہنائے گئے۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خپل کور فاؤنڈیشن کے ڈاریکٹر محمد علی، ادیب و شاعر فضل محمود روخان اور دیگر نے احسان حقانی کی اس کاوش او مہم کو خوب سراہا۔
تقریب سے اپنے خطاب میں احسان حقانی نے کہا کہ مری سے مالم جبہ تک کا سفر انہوں نے دس دن میں مکمل کیا، تین سو کلومیٹر پیدل سفر میں انہوں نے خیبر پختونخوا کے حسین نظاروں سے خوب لطف اٹھایا، انہوں نے کہا کہ میرے اس مہم کا مقصد دنیا کو یہ پیغام دینا تھا کہ خیبر پختونخوا کا ہر علاقہ خوبصورت، سیاحوں کے لئے محفوظ اور پر امن اور ہر قسم کے خطرے سے پاک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر علاقہ اپنی خوبصورتی میں کوئی دوسرا ثانی نہیں رکھتا ، اگر حکومت توجہ دے تو سیاحتی انڈسٹری کو فائدہ ہوگا اور نئے سیاحتی مقامات لوگوں کی توجہ کا مرکز بن جائیں گے۔