سوات(زما سوات ڈاٹ کام )خدمات تک رسائی کمیشن کے تحت سہ ماہ کے دوران مختلف محکموں و ضلعوں کے آفیسرز کو بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر ایوارڈز دینے کی تقریب مینگورہ میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں بہترین کارکردگی پر 43 شعبوں میں آفیسرز کو بہترین کارکردگی پر ایوارڈز دیئے گئے۔ صوبائی وزیر زراعت محب اللہ خان تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں چیف کمشنر خدمات تک رسائی کمیشن سلیم خان، کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیر الاسلام، ڈی آئی جی ملاکنڈ ڈویژن عبدالغفور آفریدی، سابقہ چیف کمشنر آر ٹی ائی عظمت حنیف اورکزئی، سیکٹری آر ٹی ایس محمد روز خان، مختلف اضلاع سے ڈپٹی کمشنروں، اور مختلف محکموں کے آفیسرز، گورننس پالیسی پروجیکٹ کے سٹاف اور ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسرز نے شرکت کی۔ تقریب سے اپنے خطاب میں چیف کمشنر خدمات تک رسائی کمیشن سلیم خان نے کمیشن کی کارکردگی اور افادیت پر روشنی ڈالی اور ان کا کہنا تھا کہ کمیشن نے قلیل عرصے میں بہترین نتائج دئے ہیں اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ کمیشن کے استعداد کار میں اضافہ کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کمیشن مذید بہتری لاتے ہوئے 27 مذید خدمات کو ضروری خدمات کے لسٹ میں شامل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے اور اس سلسلے میں کام مکمل کرلیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کمیشن جزا و سزا کے فلسفہ پر عمل پیرا ہے اور آفیسرز کو ایوارڈ دینے کا مقصد ان کے بہترین کام کی حوصلہ افزائی کرنی ہے۔