سوات(زما سوات ڈاٹ کام)الخدمت فاؤنڈیشن کے صوبائی صدر خالد وقاص نے کہا ہے کہ الخدمت فاؤنڈیشن ہر وقت،مشکل گھڑی اور کٹھن حالات میں عوام کی خدمت اور تعاؤن کیلئے میدان میں موجود رہتی ہے،موجودہ صورتحال میں الخدمت کے سینکڑوں رضا کاروں نے متاثرین کی بھرپور مددکی،الخدمت نے آگاہی،طبی اورامدادباہمی کے طورپر صوبائی سطح پر تین مراحل میں سرگرمیاں شروع کیں جو تاحال جاری ہیں،ان خیالات کا اظہار الخدمت فاؤنڈیشن کے صوبائی صدر خالد وقاص نے جماعت اسلامی کے ضلعی امیر محمدامین کے ہمراہ سوات پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر الخدمت سوات کے صدر افتاب یوسفزئی اور دیگر عہدیدارواراکین بھی موجود تھے،انہوں نے کہاکہ کرونا کی وباء پھیلی تو الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکار عوام کی خدمت کیلئے میدان میں نکل گئے اس دوران بتیس اضلاع میں مقامی انتظامیہ،محکمہ صحت اور میڈیا کے ساتھ رابطے جوڑ کر متاثرین کی خدمت کا سلسلہ شروع کیا،انہوں نے کہاکہ عوام کی بہتراندازمیں خدمت کیلئے الخدمت نے تین مراحل ترتیب دئے پہلے مرحلے میں عوام کو اس مرض سے محفوظ رہنے کیلئے ان میں احتیاطی تدابیر کے حوالے سے شعور اجاگر کیا جبکہ دوسرے وتیسرے مراحل میں متاثرین کو طبی امداداور غذائی اشیاء فراہم کیں جبکہ ساتھ ساتھ الخدمت نے ان مقاصد کے حصول کیلئے اپنے 23ہسپتال اور91 ایمبولینس کوبھی مزید فعال بنا کر متاثرین کی مدد کیلئے بروئے کارلانے کا سلسلہ شروع کردیا جو تاحال جاری ہے جبکہ متاثرین کی مددکا یہ سلسلہ رمضان میں بھی جاری رہے گا،انہوں نے کہاکہ امدادکی فراہمی میں بیواؤں،یتیموں،اقلیتوں سمیت دیگر نادار اورضرورتمندافراد کی مددکی اورباقاعدگی کے ساتھ انہیں پیکج فراہم کیا،انہوں نے کہاکہ الخدمت کے 7200رضاکاروں نے دن رات ایک کرکے کام جاری ررکھا اور پانچ لاکھ فوڈ پیکج کی تقسیم ہدف کے طورپر رکھا جس میں ضرورت کی ہر چیز موجودرہے گی،انہوں نے کہاکہ موجودہ صورتحال کے دوران صرف سوات میں مجموعی طورپر 8700پیکج تقسیم کئے ہیں،اسی طرح 27750ماسک،17000سنیٹائزر تقسیم کرنے سمیت 840مقامات پر جراثیم کش اسپرے بھی کرایا،انہوں نے کہاکہ جذبہ خدمت سے سرشار الخدمت کے رضار صرف اور صرف رضائے الٰہی کے حصول کیلئے لوگوں کی خدمت کررہے ہیں اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھیں گے۔