سوات (زما سوات ڈاٹ کام)اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئر مین پروفیسر ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا ہے کہ جب تک معاشرے میں تصادم موجود رہے گا، معیشت اور ترقی کی خواہش محض خواب ہی رہے گی۔،پاک انسٹی ٹیوٹ فار پیس اسٹڈیز کے زیر اہتمام سوات، بونیر، دیر، مالاکنڈ کی یونیورسٹیوں کے طلبہ کے لیے دو روزہ ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا۔ ورکشاپ کا مقصد طلبہ کو پاکستان کے سماجی اور معاشرتی مسائل، مختلف اداروں اور پارلیمان کے کردار، ثقافتی تنوع، سوشل میڈیا کا کردار، جمہوریت، آزادی اور معلومات تک رسائی، سماجی اور مذہبی ہم آہنگی کے ساتھ ساتھ ملک میں بسنے والی اقلیتوں کے ساتھ بعض مقامات پر ہونے والے ناروا سلوک کے اسباب اور تدارک پر بات کی گئی۔،ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا کہ ہمیں دنیا کے مسائل کو بعد جبکہ اپنے مسائل کے حل پر پہلے غور کرنا ہے۔ ورکشاپ سے پاک انسٹی ٹیوٹ فار پیس اسٹڈیز کے ڈائریکٹر محمد عامر رانا، پاکستان کونسل آن چائنہ لے چیئرمین ڈاکٹر فضل الرحمان، ادارہ برائے تعلیم و ترقی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر زبیر تور ولی، آئی بی سی اردو کے ایڈیٹر اور میڈیا ٹرینر سبوخ سید، انسانی حقوق کے متحرک رکن دلیپ دوشی، معروف تحقیقاتی صحافی اعزاز سید اور پپس کی ریسرچ آفیسر العین حفیظ نے بھی ورکشاپ کے شرکاء سے گفتگو کی۔محمد عامر رانا نے طلبہ سے جامعات میں ہونے والی سرگرمیوں اور کامن سینس سے متعلق گفتگو کی۔ ڈاکٹر فضل الرحمان اور زبیر تور ولی نے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ثقافت معاشرتی تنوع کو قبول کرنے اور معاشرے کی خوبصورت قدروں کا نام ہے۔ جو چیز انسانی حق کے خلاف ہے، اسے ثقافت نہیں کہا جا سکتا۔ سبوخ سید نے کرک میں ہندو مذہب کی سمادھی گرائے جانے کے واقعے کی تحقیقات سے متعلق اپنی ویڈیو ڈاکیومنٹری پیش کی اور پاکستان میں مذہبی اقلیتوں سے متعلق گفتگو کی۔ انہوں نے سوشل میڈیا کے مثبت اور منفی پہلوؤں پر بھی گفتگو کی۔ اعزاز سید نے کہا کہ پاکستان میں بظاہر جمہوریت موجود ہے تاہم جمہوریت اور آزادی اظہار کی راہ میں کئی روڑے اُٹکائے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معلومات تک رسائی کا قانون بڑا اہم ہے اور شہریوں کا حق ہے کہ وہ تمام اداروں سے پوچھیں کہ وہ کیا کر رہے ہیں۔ دلیپ دوشی نے طلبہ کو بتایا کہ وہ کیسے معاشرے میں بہتر سوچ اختیار کر کے اپنا تعارف بہتر کر سکتے ہیں۔ قرت العین حفیظ نے طلبہ کو بتایا کہ ہمت ہی کامیابی کی اصل کنجی ہے،پاک انسٹی ٹیوٹ فار پیس اسٹڈیز کی اگلی ورکشاپ 25 اور 26 فروری کو ڈیرہ اسماعیل خان میں ہوگی۔