اسلام آباد(ویب ڈیسک)ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 534 تک جاپہنچی ہے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران ظفر مرزا نے کہا کہ کورونا وائرس کے خلاف حکومت سرگرم ہے، صوبوں اور مرکز کے درمیان کورونا وائرس سے متعلق معلومات کے تبادلے کی بات کی گئی ہے۔ ملک بھر میں کورونا وائرس کے 4046 مشتبہ کیسز سامنے آئے ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 664 مشتبہ کیس سامنے آئے ہیں، جن میں سے 534 کیسز تصدیق شدہ ہیں۔ پنجاب میں 104 ، سندھ میں 269، خیبر پختونخوا میں 27،اسلام آباد میں 10، آزاد کشمیر میں ایک مریض موجود ہے، دیگر مریضوں کا تعلق بلوچستان اور گلگت بلتستان سے ہے۔
’اسلام آباد والے پیر تک گھروں میں رہیں‘
ظفر مرزا نے کہا کہ اسلام آباد کے شہریوں کے لیے ایڈوائزری جاری کردی ہے کہ عوام سے اپیل ہے معاشرتی روابط سے اجتناب کریں آج سے پیر تک جو چھٹیاں ہیں ان میں عوام گھر میں ہی رہیں۔
کوئی خطرہ قوم کو شکست نہیں دے سکتا
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ کوئی بھی خطرہ ایک ذمہ دار اور پرعزم قوم کو شکست نہیں دے سکتا اور یہ چین نے کرکے دکھایا ہے۔
کراچی میں سیلف آئسولیشن
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی جانب سے گزشتہ روز کراچی کے شہریوں سے 3 روزہ رضاکارانہ تنہائی اختیار کرنے کی اپیل کی تھی جس کے تحت شہر قائد میں سڑکوں پر عوامی آمد ورفت انتہائی کم ہے۔ سرکاری اداروں کے بعد نجی اداروں کے دفاتر بھی بند ہوگئے ہیں، سڑکوں پر پبلک ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے برابر ہے۔
بین الاقوامی پروازیں بند
پی آئی اے نے غیر ملکی آپریشن 22 سے 28 مارچ تک بند کردیا ہے۔
’ کورونا نہیں خوف و ہراس خطرناک‘
وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ کورونا نہیں خوف و ہراس خطرناک ہے، کورونا وبا پر اپوزیشن نے ذمہ داری کا ثبوت دیا ہے، اس حوالے سے اپوزیشن کی جانب سے کوئی اختلافی بیان سامنے نہیں آیا۔
امریکی سفارتکار میں بھی کورونا کا شبہ
اسلام آباد ایئرپورٹ پر دوحا سے آنے والے امریکی سفارتکار سنسیئر سیلز میں دوران اسکریننگ کورونا کی علامات پائی گئی، سفارتکار کو اسپتال منتقل کرنے کے بجائے امریکی سفارت خانے کا عملہ اپنے ساتھ لے گیا۔
سندھ میں حالات مزید خراب
محکمہ صحت سندھ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس سے 29 افراد متاثر ہوئے ہیں، کراچی میں 14 جب کہ سکھر کے قرنطینہ میں 15 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔ جس کے بعد صوبے بھر میں کورونا مریضوں کی تعداد 267 ہوگئی ہے۔ کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 101 ہوگئی ہے۔ کراچی کے مجموعی متاثرین میں سے 60 افراد کو رابطوں کے ذریعے کورونا وائرس لاحق ہوا ہے۔ سندھ بھر میں کورونا وائرس کے 263 مریض زیر علاج ہیں، 3 مریض صحت یاب اور ایک جاں بحق ہوچکا ہے۔
2250 زائرین قرنطینہ منتقل
تفتان سے 2ہزار 250 سے زائد افراد قرنطینہ سینٹر منتقل کئے گئے ، جن میں 757زائرین کو سکھر،1247 کو ملتان جب کہ 250 کو خیبر پختونخوا کے قرنطینہ سینٹرز منتقل کیا گیا ہے۔
قرنطینہ سینٹرز میں 23 ہزار سے زائد بستر
ملک بھر میں 23 ہزار بستروں پر مشتمل قرنطینہ سینٹرز قائم کئے گے ہیں۔ پنجاب میں 10 ہزار 943، بلوچستان میں 5 ہزار892 ، سندھ میں 2100، خیبر پختونخوا میں 2760، اسلام آباد میں 350، آزاد کشمیر 530 اور گلگت بلتستان میں 972 بستروں پر مشتمل قرنطینہ سینٹرز قائم کئے گئے ہیں۔
اسپتالوں میں کورونا ٹریٹمنٹ سینٹر قائم
کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے علاج کیلئے 35 اسپتالوں میں کورونا ٹریٹمنٹ سینٹرز بنائے گئے ہیں۔ بلوچستان کے 10، خیبر پختونخوا میں 7 اور پنجاب کے 6 اسپتالوں میں کورونا ٹریٹمنٹ کی سہولیات موجود ہیں ۔ اس کے علاوہ سندھ کے 4، آزاد کشمیر کے 3، گلگت بلتستان 4 اور اسلام آباد کے ایک اسپتال میں کورونا ٹریٹمنٹ سینٹرز قائم کئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ ملک بھر کے 215 اسپتالوں میں 2942 بستروں پر مشتمل آئسولیشن سینٹرز قائم کئے گئے ہیں،پنجاب 50،خیبر پختونخوا 110، بلوچستان میں 14، سندھ میں 4، آزاد کشمیر 15، گلگت 21 اور اسلام آباد میں ایک کورونا آئسولیشن سینٹر قائم ہے۔
14 لاکھ مسافروں کی اسکریننگ
بیرون ملک سے آنے والے 14 لاکھ 9 ہزار 798 مسافروں کی اسکریننگ کی گئی، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 13 ہزار 991 مسافروں کی اسکریننگ کی گئی۔
چمن بارڈر پر تجارتی سرگرمیاں بحال
وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر پاک افغان سرحد پر 20 روز بعد تجارتی سرگرمیاں جزوی طور پر بحال ہوگئی ہیں۔