سوات (زما سوات ڈاٹ کام۔30اگست2017ء ) ڈپٹی کمشنر سوات عامر آفاق نے کہا ہے کہ نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے بچانے کیلئے معاشرے کے ہر فرد کو کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے ، زبانی جمع خرچ کی بجائے والدین ، صحافی، اساتذہ ،علمائے کرام ، دانشوروں سمیت تمام محکموں کے افسران اپنی ذمہ داریاں پوری کریں، بے مقصد اجلاسوں کا کوئی فائدہ نہیں بلکہ اس مقصد کو حاصل کرنے کے لئے ٹھوس اہداف مقرر کئے جائیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ڈسٹرکٹ نارکاٹکس کنٹرول کمیٹی کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میں اے ڈی سی محمد طاہر اور ڈی پی پی مجرب خان کے علاوہ تمام متعلقہ محکموں اور غیر سرکاری تنظیموں کے افسران اور عہدیداروں نے بھی شرکت کی،ڈی سی سوات عامر آفاق نے اجلاس تاخیر سے بلانے پر ناراضگی کا اظہار کر تے ہوئے ہدایت کی کہ اس اہم کمیٹی کے اجلاس تسلسل سے منعقد ہونے چاہئیں کیونکہ منشیات کی وباء تیزی سے پھیل رہی ہے اور اس کی روک تھام کے سلسلے میں غفلت کی گنجائش نہیں بلکہ اس سلسلے میں ہنگامی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے ڈی سی سوات نے سوشل ویلفیئرافیسر کو ہدایت کی کہ وہ بحالی مرکز کو فوری طور پر بحال کرے ،آگاہی کے سلسلے میں کئے گئے فیصلوں پر عمل در آمد کو یقینی بنائیں اور بطور سیکرٹری کمیٹی کو ہنگامی بنیادوں پر فعال اور حساس بنائیں۔اجلاس نے منشیات کی فروخت اور سمگلنگ پر سختی سے کنٹرول کرنے کا فیصلہ کیا ،اسی طرح محکمہ ایکسائز ،پولیس ،انتظامیہ ،اے این ایف ،پروبیشن افیسر،سرکاری وکلاء ،غیر سرکاری تنظیموں اور نشئی افراد کے علاج پر مامور ڈاکٹروں اور دیگر محکموں نے اس سلسلے میں فعال کردار ادا کرنے کا یقین دلایا۔
اشتہار