سوات(زما سوات ڈاٹ کام) منگلور قبرستان میں درختوں کی کٹائی پر ایکشن لیتے ہوئے قومی جرگہ کے 8ارکان کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی۔ملزمان کوعدالت میں پیش کیا جائے گا۔ گزشتہ روز سوات کے علاقے منگلور میں منگلور قومی جرگہ کے ارکان نے قبرستان میں تناور درخت کاٹ لئے تھے جس پر سول سوسائٹی کی جانب سے سخت غم وغصے کا اظہار کیا گیا تھا۔کاٹے گئے درختوں میں صنوبر اور الائچی کے درخت شامل تھے۔ قبرستان میں درخت کاٹنے کے واقعے پر ڈپٹی کمشنر سوات جنید خان اور ڈی ایف او وسیم خان نے ایکشن لیتے ہوئے منگلور قومی جرگہ کے 8ارکان کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی (خبر جاری ہے )
اس حوالے سے ڈی سی جنید خان اور ڈی ایف او وسیم خان نے کہا کہ درختوں کی کٹائی کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جائے گی،کٹائی میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
منگلور قومی جرگہ کے ترجمان غفار خان نے بتایا کہ درختوں کو قبرستان کی چار دیواری بنانے کے لئے کاٹا گیا تھا، ہم علاقے میں فلاحی کام کرتے ہیں اور چار دیواری پر لاکھوں روپے خرچ کئے ہیں۔