اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت نے انتہا پسند گروپوں کو قومی دھارے میں شامل کیا۔ وزیراعظم عمران خان کا امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 70 ہزار جانوں کی قربانی دی اور ہماری معیشت کو اربوں ڈالر کا نقصان ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ بدعنوانی اور منی لانڈرنگ سے بھی پاکستان کی معیشت کو شدید نقصان پہنچا لیکن موجودہ حکومت سرمایہ کاری کے فروغ اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی پر بڑی حد تک قابو پا چکے ہیں اور ہم نے انتہا پسندوں کو قومی دھارے میں شامل کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سرمایہ کاری اور سیاحت کے لیے محفوظ ترین ملک ہے، پاکستان نصف سے زائد دنیا کی اونچی ترین چوٹیوں کا حامل ملک ہے اور گزشتہ سال پاکستان میں سیاحوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا، سرمایہ کاری کے لیے بھی ماحول سازگار بنایا جا رہا ہے۔ پاک چین راہداری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سی پیک کے تحفے پر چین جیسے ہمسایہ دوست کے انتہائی مشکور ہیں، سی پیک سے بیرونی سرمایہ کاری میں بے پناہ اضافہ ہوا۔