سوات: تحصیل مٹہ کے علاقے شکردرہ میں موٹر کار اور سوزوکی کے درمیان تصادم کے نتیجے میں خواتین سمیت 10 افراد زخمی ہوگئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی دو ایمبولینسیں اور میڈیکل ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، جس سے گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو 1122 کی میڈیکل ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تمام زخمیوں کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور انہیں فوری طور پر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال مٹہ منتقل کر دیا۔ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
مقامی عوام نے ریسکیو ٹیم کی فوری کارروائی کو سراہا اور حادثات کی روک تھام کے لیے ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد کا مطالبہ کیا۔ حادثے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔