مٹہ (نامہ نگار) مٹہ بازار، سمبٹ چم بازار اور دیگر مضافاتی علاقوں کے قصابوں نے اسسٹنٹ کمشنر مٹہ کے رویے کے خلاف غیر معینہ مدت تک ہڑتال کا اعلان کر دیا۔ قصاب برادری کا کہنا ہے کہ وہ بھاری جرمانوں اور گرفتاریوں کے باعث مزید کاروبار جاری رکھنے سے قاصر ہیں۔
تفصیلات کے مطابق، قصاب برادری کا اجلاس حجرہ حاجی امیر زمان میں منعقد ہوا، جس میں تمام دکانداروں نے شرکت کی اور متفقہ طور پر کاروبار بند کرنے کا اعلان کیا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ ایک طرف مہنگائی اور کاروباری نقصان نے مشکلات پیدا کی ہیں، جبکہ دوسری جانب اسسٹنٹ کمشنر مٹہ کی جانب سے روزانہ 20 سے 50 ہزار روپے تک کے جرمانے اور گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے، جو ناقابلِ برداشت ہو چکا ہے۔
قصاب برادری کے مطابق وہ عوامی مشکلات سے بخوبی آگاہ ہیں اور ہڑتال پر معذرت خواہ ہیں، تاہم وہ اس صورتحال میں کاروبار جاری رکھنے سے قاصر ہیں۔ برادری کا کہنا ہے کہ ہڑتال غیر معینہ مدت تک جاری رہے گی اور وہ اپنے مطالبات کی منظوری تک کاروبار نہیں کریں گے۔