سوات(زما سوات ڈاٹ کام) مٹہ کے علاقہ بالاسور میں داماد نے فائرنگ کرتے ہوئے پنی ساس اور بیوی کو قتل کردیا، ہاتھا پائی میں پولیس اہلکار زخمی،ملزمان گرفتار کرلئے گئے۔ پولیس کے مطابق سوات کی تحصیل مٹہ کے علاقہ چپریال بالاسور میں ملزم صالح محمد نے اپنی چچی (ساس)مسماۃ تخمینہ اور بیوی مسماۃ قدیمہ کو فائرنگ کرکے قتل کردیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ قدیمہ کی شادی اس کے چچازاد صالح محمد سے ہوئی تھی جو بیرون ملک مزدوری کیا کرتا تھا۔چند روز قبل قدیمہ نے عدالت میں درخواست دائر کی کہ اس کے شوہر اور ا کے بھائیوں سے اُسے خطرہ لاحق ہے جس پر اسے دارالامان بھیج دیا گیا۔دو روز قبل گھر والے اسے مناکر واپس لے آئے ،پولیس کے مطابق ملزم صالح محمد نے اپنے بھائی شہاب الدین اور والد امیر غواث کے ساتھ مل کر اپنی ساس کے گھر گھس گئے اور فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں اس کی ساس، چچی مسماۃ تخمینہ اور اہلیہ مسماۃ قدیمہ موقع پر جاں بحق ہوگئیں۔ پولیس نے اطلاع ملنے پر پہنچ کر ملزمان کو گرفتار کرنا چاہا، تو ملزمان نے مزاحمت کی جس میں اے ایس آئی گوہر گر کر زخمی ہوگیا۔ ہاتھا پائی کے بعد پولیس نے تمام ملزمان کو گرفتار کرلیا اور پوسٹ مارٹم کے بعد لاشیں ورثاء کے حوالے کردی۔