مٹہ میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر صدر محمد زبیر کا شدید احتجاج، 24 گھنٹوں کا الٹی میٹم

مٹہ سوات: بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور وولٹیج کی کمی بیشی پر عوام کا صبر جواب دے گیا۔ مٹہ ڈویژن کے عوام نے شدید احتجاج کے لیے حکومت کو 24 گھنٹوں کا الٹی میٹم دے دیا ہے۔

مٹہ بازار کے صدر محمد زبیر خان اور تاجر برادری نے اعلان کیا ہے کہ اگر لوڈشیڈنگ اور وولٹیج کے مسائل فوری حل نہ کیے گئے تو بازار مکمل طور پر بند کرکے شدید احتجاج کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور وولٹیج کے مسائل نے عوام کو شدید مشکلات میں ڈال دیا ہے، جس کی وجہ سے کروڑوں کا مالی نقصان ہوچکا ہے۔

صدر مٹہ بازار نے مزید کہا کہ بجلی کے اچانک آنے اور جانے، اور وولٹیج کی کمی بیشی کی وجہ سے متعدد گھروں میں آتشزدگی کے واقعات پیش آئے ہیں، جس کے نتیجے میں انسانی جان و مال کا نقصان بھی ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر 24 گھنٹوں میں محکمہ برقیات کی ناقص کارکردگی کا نوٹس نہ لیا گیا تو عوام دما دم مست قلندر پر مجبور ہوں گے۔

عوام نے حکومت اور متعلقہ حکام سے فوری اقدامات کی اپیل کی ہے تاکہ لوڈشیڈنگ اور وولٹیج کے مسائل حل ہو سکیں۔