اشتہار

مینگورہ شہر میں شدید ٹریفک جام؛ شہری اذیت میں مبتلا

مینگورہ شہر میں شدید ٹریفک جام؛ شہری اذیت میں مبتلا

مینگورہ (زما سوات): مینگورہ شہر میں ٹریفک جام روزانہ کا معمول بن چکا ہے، جس نے شہریوں کی زندگی اجیرن کردی ہے۔ گھنٹوں تک گاڑیوں میں پھنسے رہنے والے افراد مشکلات کا شکار ہیں، جبکہ معمولی فاصلے کا سفر بھی طویل بن جاتا ہے۔

جی ٹی روڈ، جو مینگورہ شہر کی مرکزی شاہراہ ہے، ہر وقت بندش کا شکار رہتی ہے، جس سے روزانہ ہزاروں شہری متاثر ہو رہے ہیں۔ اندرونِ شہر کے اہم روڈز، بشمول ملا بابا روڈ، نیو روڈ، مین بازار روڈ اور سیدو شریف روڈ، جو انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، شدید ٹریفک دباؤ کا سامنا کر رہے ہیں۔ ان سڑکوں پر گاڑیوں کا رواں دواں رہنا تقریباً ناممکن ہوتا جا رہا ہے۔

اشتہار

شہر کے تنگ سڑکوں اور بڑھتی ہوئی آبادی کے باعث گاڑیوں کی تعداد میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے، لیکن حکومت کی جانب سے اس سنگین مسئلے کے حل کے لیے کوئی خاطر خواہ اقدامات نظر نہیں آ رہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ موجودہ انفراسٹرکچر بڑھتی ہوئی ٹریفک کا بوجھ برداشت کرنے کے قابل نہیں رہا۔

ایک شہری کا کہنا تھا کہ: “سڑکیں اتنی تنگ ہیں کہ ایک بار اگر ٹریفک جام ہو جائے تو نکلنا ناممکن ہو جاتا ہے۔ ہمیں گھنٹوں تک گاڑیوں میں بیٹھنا پڑتا ہے۔”

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر حکومت نے جلد از جلد اس مسئلے کا نوٹس نہ لیا اور مزید سڑکوں کی تعمیر سمیت جدید ٹریفک نظام متعارف نہ کروایا تو مستقبل میں مینگورہ شہر میں گاڑیوں کا چلانا بھی ناممکن ہو جائے گا۔

شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر کے بڑھتے ہوئے ٹریفک مسائل کو سنجیدگی سے لیا جائے، جی ٹی روڈ سمیت اندرونِ شہر کے اہم راستوں کی توسیع کی جائے اور متبادل راستوں کی تعمیر پر فوری طور پر کام شروع کیا جائے تاکہ عوام کو اس اذیت سے نجات مل سکے۔

اشتہار

اشتہار