سوات (زما سوات ڈاٹ کام)چیئرمین ڈیڈک ایم پی اے فضل حکیم نے مینگورہ شہر کے مختلف چوکوں میں ہاتھ دھونے کیلئے سنیٹائزر سماوار کا افتتاح کر دیا، پورے شہر کوجراثیم کش کلورین سے دھویا جائے گا تاکہ شہر میں جراثیم کا خاتمہ ممکن ہو سکے، مینگورہ کے اہم چوراہوں نشاط چوک، حاجی بابا چوک، گلشن، جنرل بس اسٹینڈ اور دیگر مقامات پر سماواراور سنیٹائزر رکھے گئے ہیں جس سے عوام اپنا ہاتھ دھو سکیں گے، اس سلسلے میں نشاط چوک مینگورہ میں افتتاحی تقریب کا انعقاد ہوا جس میں WSSC کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر شیداء محمد، سوات ٹریڈرز فیڈریشن کے صدر عبدالرحیم، واسا بورڈ چیئرمین اختر خان ایڈوکیٹ، واسا کے جی ایم اصف سلیم، اورنگزیب باچا لالہ ایڈوکیٹ اور دیگر شریک ہوئے ۔
چیئرمین ڈیڈک ایم پی اے فضل حکیم خان نے باقاعدہ فیتہ کاٹ کر سنیٹائزر سماوار کا افتتاح کیا اور لوگوں کو ہاتھ صاف رکھنے اور بار بار دھونے کی اپیل کی اس موقع پر فضل حکیم خان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی صورت میں جو وباء پورے دُنیا میں پھیل چکی ہے اس سے مقابلہ کرنے کیلئے حکومت پاکستان بھر پور اقدامات اُٹھا رہی ہے اور صوبائی حکومت نے اس ضمن میں عوام الناس کے بہتر مفاد میں سخت فیصلے کئے ہیں جس سے اس وائرس پر قابو پایا جا سکے گا، مینگورہ شہر کے عوام کیلئے ہم نے واسا کے تعاون سے ہر اہم چوراہے پر سنیٹائزر سماوار رکھے ہیں تاکہ عوام باآسانی اپنا ہاتھ دھو سکے انہوں نے کہا کہ پورے شہر کو کلورین لیکویڈ سے دھونے کیلئے ایک فائر بریگیڈ کو مختص کیا گیا ہے وہ روزانہ کی بنیاد پر شہر کی سڑکوں اور چوروں کو کلورین سے دھوئے گا جس سے جراثیم کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔