اشتہار

مینگورہ شہر کے مسائل پر گرینڈ جرگہ کا انعقاد

اشتہار

سوات(زما سوات ڈاٹ کام)کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسفزئی کا مینگورہ میں گرینڈ جرگہ سے خطاب میں کہنا تھا کہ آبادی میں بے ہنگم اضافے اور شہروں کی جانب آبادی منتقل ہونے سے شہروں میں پیچیدہ مسائل نے جنم لیا ہے، مینگورہ شہر کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے گرینڈ جرگہ کا انعقاد کیا ہے، جرگہ کا مقصد مسائل کے حل کے لئے باہمی مشاورت یقینی بنانا ہے، جرگہ میں بھرپور شرکت پر علاقہ عمائدین کا شکر گزار ہوں، جرگہ میں اہم مسائل کی نشاندھی کی گئی، حل کے لئے آج ہی سے اقدامات کا آغاز کریں گے۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسفزئی نے جرگہ سے خطاب میں کہنا تھا کہ مسائل کو حل کرنے کے مشن سے کام کا آغاز کیا ہے، مینگورہ شہر کے مسائل کے حل کے لئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی خصوصی ہدایات ہیں، حل تک پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ ٹریفک مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ٹریفک مسائل کے حل اور صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے اربن موبیلیٹی اتھارٹی کی ٹیم مینگورہ میں موجود ہے۔ یاد رہے کہ مینگورہ شہر کے حوالے سے اپنی نوعیت کا پہلا گرینڈ جرگہ ودودیہ ہال سیدوشریف میں منعقد ہوا۔ گرینڈ جرگہ میں معززین علاقہ، عمائدین، مقامی میڈیا، مختلف طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ گرینڈ جرگہ میں مینگورہ شہر سے متعلق مختلف مسائل اجاگر کئے گئے اور حل کے حوالے سے لائحہ عمل اور تجاویز بھی پیش کی گئیں۔ گرینڈ جرگہ میں ٹریفک اور آبنوشی سے متعلق مسائل سر فہرست رہے۔ جرگہ میں خیالات کا اظہار کرتے ہوئے شرکاء نے آبنوشی سے متعلق دہائیوں پرانے سیوریج اور ڈرینیج سسٹم، سیر و تفریح اور صحت مندانہ سرگرمیوں کے لئے کھیلوں کے میدان و پارکوں کی عدم دستیابی اور سٹیڈیم کی میں سہولیات اور واکنگ ٹریکس کی کمی، صحت کے شعبے میں ہسپتالوں کے انتظامی امور، رکشوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ، تعلیمی میدان میں سکولوں اور نئے کالجز کی ضرورت، سٹی ٹریفک میں حائل رکاوٹیں، تجاوزات و لینڈ گریبنگ، قدرتی ماحول کی بحالی و نہروں کی صفائی، دریائے سوات سے متعلق غیر قانونی کرشنگ پلانٹس و دریا کے قدرتی حسن کی بحالی، منشیات کی روک تھام، پلاسٹک شاپنگ بیگز پر پابندی اور قبرستانوں اور جنازگاہ سے متعلق مسائل کو اجاگر کرتے ہوئے تجاویز پیش کیں۔ گرینڈ جرگہ میں ممبر صوبائی اسمبلی فضل حکیم خان یوسفزئی، ڈی ائی جی ملاکنڈ ڈویژن ذیشان اصغر، ڈپٹی کمشنر سوات جنید خان، ڈی پی او زاہد نواز مروت, اربن موبیلیٹی اتھارٹی کے اعلیٰ حکام اور  نو منتخب مئیر مینگورہ شاہد علی خان کے علاوہ مقامی افراد شریک ہوئے۔

اشتہار

Grand Jirga
Comments (0)
Add Comment

اشتہار