مینگورہ شہر میں نانبائیوں کے خلاف کارروائی، 7 گرفتار

مینگورہ: خیبرپختونخوا حکومت کے عوامی ایجنڈے کے تحت ڈپٹی کمشنر سوات شہزاد محبوب کی ہدایت پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر بابوزئی آفتاب عالم نے مینگورہ میں نانبائیوں کے خلاف خصوصی کارروائی کی۔

کارروائی کے دوران روٹی کے وزن اور نرخوں کو چیک کرنے کے لیے پہلے خفیہ خریداری (ٹیسٹ پرچیز) کی گئی، جس کے بعد سرکاری نرخنامے کی خلاف ورزی کرنے والے 7 نانبائیوں کو گرفتار کرلیا گیا۔

ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر نے واضح کیا کہ عوام کو معیاری اور مقررہ وزن کی روٹی فراہم کرنا نانبائیوں کی ذمہ داری ہے، اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔

ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سرکاری نرخنامے کی خلاف ورزی کی شکایات فوری طور پر متعلقہ حکام تک پہنچائیں تاکہ بروقت اقدامات کیے جا سکیں۔