سوات (زما سوات): مینگورہ شہر میں گریویٹی سکیم کی پائپ لائن بچھانے کے لیے جگہ جگہ سڑکوں کی کھدائی کے باعث شہر میں ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔ کام کی سست روی اور ناقص منصوبہ بندی کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ گھنٹوں طویل ٹریفک جام معمول بن گیا ہے۔
شاہدرہ چوک سمیت دیگر اہم مقامات پر کھدائی کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ کام کی سست رفتار کی وجہ سے عوام کے لیے پریشانیوں میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔ سبزی سے بھرا ایک ٹرک شاہدرہ چوک میں پھنس گیا، جس کی وجہ سے ٹریفک گزشتہ دو گھنٹوں سے مکمل طور پر جام رہا۔
ایک شہری، عظمت اللہ، جو یونیورسٹی کے طالب علم ہیں، نے زما سوات سے بات کرتے ہوئے کہا:
“میں روزانہ ٹریفک جام کی وجہ سے تین سے چار کلومیٹر پیدل سفر کرتا ہوں، جس سے یونیورسٹی وقت پر پہنچنا ناممکن ہو گیا ہے۔ حکومت اس طرح کے منصوبے تو شروع کرتی ہے، لیکن ان کی سست روی شہریوں کے لیے مزید مشکلات پیدا کر دیتی ہے۔”
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ گریویٹی سکیم جیسے منصوبے عوامی فلاح کے لیے ضروری ہیں، لیکن ان کے لیے بہتر منصوبہ بندی اور بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جانا چاہیے تاکہ شہریوں کو اس قسم کی پریشانیوں سے بچایا جا سکے۔
شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کام کی رفتار تیز کی جائے اور ٹریفک کی روانی بحال رکھنے کے لیے متبادل انتظامات کیے جائیں تاکہ عوام کو درپیش مسائل کا خاتمہ ہو سکے۔
اشتہار