سوات(زما سوات ڈاٹ کام) والی سوات کے بنگلے کی فروخت پر شاہی خاندان کے افراد نے اشتہار جاری کردیا، اشتہار میں خریداروں کو متنبہ کیا گیا ہے کہ جائیداد پر وہ ملکیت کا اور قانونی چارہ جوئی کا حق رکھتے ہیں۔
والی سوات کی سابقہ بیوی بخت زیبا المعروف بیگم صاحبہ کے بنگلے کی فروخت کی خبر گزشتہ روز زما سوات ڈاٹ کام پر شائع ہوئی تھی ، جس میں لکھا گیا تھا کہ مقامی ایم پی اے کے بھائی نے پچیس کروڑ روپے میں والی سوات کی بیوہ سے وہ بنگلہ خرید لیا ہے۔ خبر کے بعد شاہی خاندان کے میاں گل اکبر زیب، میاں گل شہریار امیر زیب،میانگل عدنان اورنگزیب،میانگل محمود اورنگزیب اورمسماۃ فلک ناز کی جانب سے اخباری اشتہار جاری کیا گیا ہے جس میں لکھا گیا ہے کہ ہمیں سوشل میڈیا کے ذریعے علم ہوا کہ شاہ زیب ولد امیرسیاب اور مسماۃ بخت زیبا خفیہ طور پر جائیدادمشتمل بنگلہ والی سوات واقع سیدو شریف کو ہمارے مالکانہ اور شفع کے حقوق زائل کرنے کی نیت سے فروخت کررہے ہیں ( خبر جاری ہے )
جائیداد کے متعلق ایک اپیل ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج سوات کے روبرو زیر تجویز ہے اور معزز عدالت نے حکم امتناعی بھی جاری کیا ہے ۔ اشتہار میں مزید لکھا گیا ہے کہ ہم بذریعہ اشتہارمطلع کرتے ہیں کہ جائیداد مذکورہ پر حق شفع اور ملکیت کا حق رکھتے ہیں جبکہ شاہ زیب اور مسماۃ بخت زیبا ہمارے حقوق کے برخلاف جائیدادفروخت کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے اشتہار میں خریداروں کو ممنوع کیا ہے اور قانونی چارہ جوئی کی دھمکی بھی دی ہے ۔