اسلام آباد(ویب ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے ڈیووس میں مختلف ممالک کے سربراہان مملکت کے علاوہ عالمی اداروں کے صدور سے بھی ملاقاتیں کی ہیں۔ وزیراعظم عمران خان ورلڈاکنامک فورم میں شرکت کے لیے سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں موجود ہیں جہاں ان کے دورے کا دوسرا روز بھی مصروف گزرا۔ وزیراعظم عمران خان سے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی صدر کرسٹالینا جارجیوا نے ملاقات کی۔
اعلامیے کے مطابق ملاقات میں مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر اور بیرونی سرمایہ کاری کے اعزازی سفیر علی جہانگیر صدیقی بھی موجود تھے۔ وزیراعظم سے ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے صدر مساتسوگا آساکاوا نے بھی ورلڈ اکنامک فورم کی سائیڈ لائن پر ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان میں سرمایہ کاری سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ اور بیرونی سرمایہ کاری کے اعزازی سفیر علی جہانگیر صدیقی بھی موجود تھے۔
اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان سے یوٹیوب کی چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) سوزن وجسيكی نے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے، سیاحت کے فروغ اور سرمایہ کاری کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں وزیراعظم عمران خان کے ڈیجیٹل وژن پروگرام کی سربراہ تانیہ ایدرس، معاون خصوصی برائے سمندرپار پاکستانی زلفی بخاری اوربیرونی سرمایہ کاری کے اعزازی سفیر علی جہانگیر صدیقی بھی موجود تھے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے ٹیکنالوجی کمپنی سیمنز کے سی ای او جوئے کائسر سے بھی ملاقات کی جس میں ٹیکنالوجی کے تبادلے، سرمایہ کاری اور مہارت بڑھانے کے لیے تعاون پرگفتگو کی گئی۔ خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس میں شرکت کے لیے گزشتہ روز ڈیووس پہنچے تھے جہاں انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی تھی۔