اشتہار

وزیراعلیٰ نے خپل کور ویلج کا افتتاح کرلیا،ڈسٹرکٹ جیل کا بھی افتتاح

اشتہار

سوات(زما سوات ڈاٹ کام) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ہفتہ کے روز ضلع سوات کا دورہ کیا جہاں اُنہوں نے یتیم اور بے سہارا بچوں کیلئے قائم کردہ اخپل کور ویلج کا افتتاح کیا ۔ پانچ کروڑ روپے کی لاگت سے قائم کئے گئے اخپل کور ویلج میں یتیم اور بے سہارا بچو ں کی مفت تعلیم اور رہائش کے بہترین انتظاما ت کئے گئے ہیں ۔ اس وقت سینکڑوں یتیم بچے اخپل کور ویلج میں رہائش پذیر ہیں ۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر 70 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کی گئی ڈسٹرکٹ جیل سوات کی نئی عمارت کا بھی افتتاح کیاجس میں بچوں اور خواتین قیدیوں کیلئے علیحدہ علیحدہ بلاکس کے علاوہ قیدیوں کی تعلیم و تربیت اور علاج معالجے کی معیاری سہولیات دستیاب ہیں۔ جیل میں فنی تربیتی مرکز کے علاوہ نشے کے عادی قیدیوں کی بحالی کا مرکز بھی قائم کیا گیا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر آئمہ مساجد میں ماہانہ وظائف کے چیکس بھی تقسیم کئے اور سیاسی عمائدین سے خطاب بھی کیا ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ سوات سمیت ملاکنڈ ڈویژن اور پورے صوبے کی پائیدار ترقی اُن کی حکومت کا ایجنڈاہے اور وہ بحیثیت وزیر اعلی صوبے کے تمام اضلاع کی یکساں ترقی پر توجہ دے رہے ہیں۔ اُنہوںنے کہاکہ بدقسمتی سے ماضی میں کوئی دیر پا منصوبہ بندی نہیں کی گئی جس کی وجہ سے ہمیں مختلف شعبوں میں مسائل کا سامنا رہا ۔ اُنہوںنے واضح کیا کہ ہماری حکومت نے صحت اور تعلیم سمیت تمام شعبوں میں اگلے 30 سے 40 سالوں کا پلان تیار کیا ہے جس پر عملدرآمد جاری ہے۔اسی طرح سماجی خدمات کے دیگر شعبوں کو بھی جدید ضروریات کے مطابق ترقی دی جارہی ہے ۔ عوام کو معیاری خدمات کی فراہمی اور اُن کے مسائل کو حل کرنے کیلئے حکومت خطیر وسائل خر چ کر رہی ہے ۔ وزیر اعلی نے کہاکہ اگر کسی نے سوات سمیت ملاکنڈ ڈویژن پر احسان کیا ہے تو وہ عمران خان ہے جس نے دہشت گردی سے متاثرہ ملاکنڈ ڈویژن کو ترقی کی راہ پر گامزن کردیا ہے۔محمود خان نے کہاکہ ملاکنڈ ڈویژن کو سیاحتی اور کاروباری سرگرمیوں کا مرکز بنا رہے ہیں۔سیاحت ملاکنڈ ڈویژن کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے جس کے فروغ کے لئے جامع حکمت عملی کے تحت کام کر رہے ہیں۔اُنہوںنے کہاکہ سوات سمیت ملاکنڈ ڈویژن کے عوام کو علاج معالجے اور تعلیم کی تمام تر سہولیات مقامی سطح پر فراہم کرنے کے لئے متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے جن کی تکمیل سے عوام ان شعبو ں میں خاطر خواہ تبدیلی اور بہتری محسوس کریں گے ۔ اُنہوںنے دیگر ترقیاتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ سوات موٹروے فیز ٹو کا بہت جلد افتتاح کیا جائے گا۔ سوات کے شہری علاقوں میں ٹریفک کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل کرنے کے لئے سوات موٹروے فیز ٹو انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔محمو دخان نے کہاکہ سوات موٹروے فیز ٹو کی تعمیر میں مقامی لوگوں کے تمام تحفظات دور کئے جائیں گے ، آبادی اور زرعی زمینوں کو متاثر نہیں کیا جائے گا۔مزید برآں وزیراعلیٰ نے کہاکہ ڈویژنل ہیڈکوارٹر مینگورہ میں ٹریفک کا مسئلہ حل کرنے کے لئے بھی ماسٹر پلان پر کام ہو رہا ہے۔اس سلسلے میں تمام طبقوں کے تعاون کی ضرورت ہے۔علاوہ ازیں اُنہوںنے کہا کہ مینگورہ میں پینے کے پانی کا دیرینہ مسئلہ حل کرنے کے منصوبے پر کام شروع ہوگیا ہے۔ اسی طرح سوات سمیت دیگر اضلاع میں پن بجلی کے مواقع سے استفادہ کرنے کے لیے اربوں روپے مالیت کے منصوبے منظور کئے گئے ہیںجن کی تکمیل سے بجلی کی پیداوار میں اضافے کے علاوہ لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم ہونگے۔

اشتہار

CM Mehmood Khan
Comments (0)
Add Comment

اشتہار