سوات(زما سوات ڈاٹ کام) سوات میں سرکاری نوکریوں کی خرید و فروخت میں ملوث نوجوان کے گھر پر پولیس کا چھاپہ،نوجوان فیملی کے ہمراہ نامعلوم مقام پر منتقل، گھر کو تالے لگادئے گئے۔ سوات میں نوکریوں کی خرید و فروخت کا ویڈیو سکنڈل منظر عام پر آنے کے بعد شاہ ڈھیرئی پولیس متحرک ہو گئی۔ شاہ ڈھیرئی پولیس کے مطابق واصف نامی نوجوان کے خلاف ان کے تھانے میں دو درخواستیں دائر کی گئی ہے۔ایک درخواست حضرت عمر سکنہ گنبد میرہ جبکہ دوسری درخواست حبیب النبی سکنہ جلالہ ملاکنڈ کے نام سے دائر کی گئی ہے ۔( خبر جاری ہے )
درخواست گزاروں نے مذکورہ نوجوان پر نوکریوں کا جھانسہ دے کر پیسے لوٹنے کا الزام عائد کیا ہے۔ اس کے ساتھ کوزہ بانڈئی کے دو افراد محمد علیم اور عرفان اللہ نے بھی واصف نامی نوجوان کے خلاف ڈی پی او کو درخواست دے دی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ نوجوان گزشتہ کئی مہینوں سے غائب ہے جبکہ گزشتہ روز بھی ایس ایچ او نے پولیس نفری کے ہمراہ ان کے گھر پر چھاپہ مارا لیکن ان کے گھر کو تالے لگے ہوئے تھے اور وہ اپنی فیملی کے ساتھ نامعلوم مقام پر منتقل ہوگیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ نوجوان کو پکڑنے کیلئے پولیس متحرک ہے اور جلد ہی اس کو گرفتار کرلیا جائے گا۔