سوات (زما سوات ڈاٹ کام)سوات کی ٹرانسپورٹ برادری اپنے موقف پر ڈٹ گئی، ریڈ زون سے ٹرانسپورٹ اڈے ختم کرنے اور دیگر ٹرانسپورٹروں کو اجازت دینے کا مطالبہ،ٹرانسپورٹ برادری نے پہیہ جام ہڑتال کی دھمکی بھی دے دی ہے۔ سوات ٹرانسپورٹ فیڈریشن کے صدر خائستہ باچا، میاں محمد اقبال، نصری خان اور مکرم خان نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جب انتظامیہ اور ٹی ایم اے حکام نے جنرل بس اسٹینڈ کو منتقل کرنے کیلئے ہم سے رابطہ کیا تو ہم نے اس وقت بھر پور تعاون کا مظاہرہ کیا۔
اس وقت یہ فیصلہ ہوا تھا کہ قمبر چوک تا سہراب خان ریڈ زون قرار دیا گیا ہے اسلئے ان حدود میں کسی قسم کا ٹرانسپورٹ اڈہ نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم قانون کا احترام کرتے ہوئے کوئی مزاحمت کئے بغیر نیو جنرل بس اسٹینڈ منتقل ہو ئے،جو لوگ قانون کا احترام تک نہیں کرتے انہوں نے ریڈ زون میں اڈے قائم کر رکھے ہیں اور انتظامیہ نے اس معاملے میں چھپ سادھ لی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر ریڈ زون میں قائم ٹرانسپورٹ اڈوں کو ختم نہیں کیا جا رہا ہے تو پھر ہمیں بھی اس علاقے میں اڈے قائم کرنے کی اجازت دی جائے.
انہوں نے دھمکی دی کہ اگر ریڈ زون میں قائم ٹرانسپورٹ اڈوں کو ختم نہ کیا گیا تو پھر ہم بھی وہاں اڈے قائم کرنے میں حق بجانب ہوں گے جس کے لئے ہم کسی حد تک بھی جاسکتے ہیں اگر بات پہیہ جام ہڑتال کی آتی ہے تو پورے ضلع میں پہیہ جام کر دیں گے۔