اسلام آباد(ویب ڈیسک) امریکی صدر ٹرمپ نے مزید 6 ممالک پر سفری پابندیاں عائد کردیں۔ عرب خبر رساں ادارے کے مطابق صدر ٹرمپ نے اپنی سفری پابندیوں کے منصوبے کو مزید توسیع دیتے ہوئے مزید 6 ممالک کو سفری پابندیوں کی فہرست میں شامل کیا ہے۔ ٹرمپ کی طرف سے جن ممالک پر سفری پابندیاں عائد کی گئیں ان میں نائیجیریا، تنزانیا، سوڈان، ایٹیریا، کرغزستان اور میانمار شامل ہیں جب کہ امریکی صدر کی نئی پابندیوں کو امریکا کی طرف سے مسلمانوں پر پابندیوں کی کوشش قرار دےکر تنقید کا نشانہ بنایا جاریا ہے۔
امریکا کی ہوم لینڈ سیکیورٹی کے قائم مقام سیکریٹری چاڈ وولف نے میڈیا کو بتایا کہ امریکا ایسے ویزوں کا اجرا معطل کرے گا جس سے ایریٹیریا، کرغزستان، میانمار اور نائیجیریا کے شہریوں کو مستقل سکونت کا موقع میسر آسکتا ہے۔ قائم مقام سیکریٹری نے بتایا کہ ان ممالک کے لیے غیر مہاجرین ویزوں کو پالیسی میں شامل نہیں کیا گیا، وہ ویزے لوگوں کو امریکا میں عارضی قیام کے لیے دیے جاتے ہیں ان میں سیاحت، کاروبار، علاج و معالجے کے لیے ویزے شامل ہیں، گزشتہ سال دسمبر کے دوران دنیا بھر کے لیے ساڑھے 6 لاکھ سے زائد غیر مہاجرین ویزے جاری کیے گئے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ امریکی حکومت نے سوڈان اور تنزانیا کے شہریوں کے لیے لاٹری ویزہ بھی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ان ویزوں کے اجرا کو ماضی میں صدر ٹرمپ کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ چاڈ وولف کا کہنا تھا کہ پابندی کا شکار یہ چھ ممالک امریکی سیکیورٹی اور معلومات کے تبادلے کے معیار پر پورا اترنے میں ناکام رہے۔