سوات(زما سوات ڈاٹ کام ) پارلیمانی سیکرٹری و ایم این اے سلیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ حلقہ این اے 3 میں گھر گھر کو گیس کی فراہمی اور بنیادی ضروریات مہیا کرنا اولین ترجیح ہے، حلقہ کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے ہم نے عزم کیا ہے، ترقیاتی کاموں کا جال بچھا دیا گیا ہے، عنقریب نئی ترقیاتی منصوبوں کو بھی عملی جامہ پہنایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شگئی کو گیس کی فراہمی کے موقع پر افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع سیاسی و سماجی شخصیات سمیت اہلیان علاقہ اور سابق بلدیاتی نمائندوں نے سلیم الرحمن کی شگئی آمد کے موقع پر ان کا پرتپاک استقبال کیا۔سابق بلدیاتی نمائندوں نے اہلیان شگئی کے طرف سے سلیم الرحمن کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے گیس سہولت فراہم کر کے شگئی کے لوگوں کا بہت بڑا مسئلہ حل کیا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سلیم الرحمن کا کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ علاقے کے عوام گیس و دیگر تمام ضروری سہولیات سے مستفید ہوں اور یہی وجہ ہے کہ ماضی کے برعکس شفاف طریقے سے و بلا تفریق گھر گھر گیس کی فراہمی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں حکومت اور حکمران صرف وعدے کرتے تھے جبکہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عملی طور پر لوگوں کے مسائل حل کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں اس دفعہ عوام دوست بجٹ پیش کیا جارہا ہے جس سے نہ صرف عوام کو ریلیف ملے گا بلکہ کاروباری طبقہ بھی خوش ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی مجموعی صورتحال اور عوام کے بنیادی ضروریات زندگی کو مدنظر رکھتے ہوئے ملک بھر میں مشاورت سے عوامی اہمیت کے حامل ترقیاتی منصوبوں کو مالی سال کے بجٹ شامل کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر سلیم الرحمن نے عوام سے کورونا ویکسین لگانے کی اپیل کی اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی درخواست کی