پاکستان میں لیبر قوانین کی خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں،ہمیں کردار ادا کرنا ہوگا، شوکت علی انجم

سوات(زما سوات ڈاٹ کام پاکستان ورکرز فیڈریشن کے نیشنل کوارڈینیٹر شوکت علی انجم نے کہا ہے کہ پاکستان میں مزدوروں کا استحصال جاری ہے ، برائے نام قونین بنائے جاتے ہیں لیکن اُن قوانین کو عملی طور پر لاگو کرنے کے لئے کسی بھی سطح پر اقدامات نہیں اُٹھائے جارہے ، مینگورہ میں میڈیا کے نمائندوں کو بریفنگ دیتے ہوئے شوکت علی انجم نے کہا کہ پاکستان ورکرز فیڈریشن میں 427 یونینز  اور مجموعی پر 9 لاکھ سے زائد ممبران ہے، 2005 میں تین بڑی یونینز کو ضم کیا گیا اور پاکستان ورکرز فیڈریشن کا قیام عمل میں لایا گیا جس کا مقصد معاشرے کے پسے ہوئے طبقے یعنی مزدوروں کے حقوق کی جنگ لڑنا اور اُن کے استحصال کو روکنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں لیبر قوانین  بہت بہتر بنائیں گئے ہیں لیکن افسوس سے کہنا پڑ رہا ہے کہ اسے لاگو نہیں کیا جاسکا، حکومت نے مزدور کی اجرت کم سے کم21500روپے مقرر کی ہے لیکن تاحال کسی بھی مزدور کو قانون کے مطابق تنخواہیں نہیں مل رہی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایسے خاندان بھی موجود ہیں جو پانچ ہزار سے آٹھ ہزار روپے تک میں پورے مہینے کا خرچہ بڑی مشکل سے چلاتے ہیں، حکومت کی جانب سے مزدوروں کے لئے بہت سے ادارے قائم کئے گئے ہیں لیکن مزدوروں کو ان کا حق ملنا جوئے شیر لانے کے برابرہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جو مزدور کسی بھی یونین کے ساتھ منسلک ہیں وہ ارگنائز ہے اور جو بغیر کسی یونین یا تنظیم کے کام کرتے ہیں وہ ان ارگنائزڈ ہیں، پاکستان میں مجموعی طور پر صرف تین فی صد ارگنائزڈ مزدور ہیں اور باقی97 فی صد ان ارگنائزڈ ہیں جس میں زیادہ تر اپنے حقوق سے بے خبر ہے ،پاکستان میں صرف پانچ فی صد مزدوروں کو حقوق مل رہے ہیں جو ملٹی نیشنل کمپنیوں یا بڑے اداروں کے ساتھ منسلک ہیں باقی95 فی صد مزدوروں کی حق تلفی اور ان کا استحصال ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لیبر قوانین کی خلاف ورزیاں ہر جگہ ہو رہی ہیں جس کے لئے معاشرے کے ہر طبقے کو آگے آنا ہوگا اور مزدوروں کے استحصال کو روکنا ہوگا، ہمیں اداروں اور حکومت کو اس بات کا پابند بنانا ہوگا کہ مزدوروں کو رائج قوانین کے مطابق اُن کا حق دیا جائے۔

Pakistan workers federation
Comments (0)
Add Comment