اسلام آباد(ویب ڈیسک)ملک میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 40 تک جاپہنچی ہے جب کہ مزید کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 2709 ہوگئی ہے۔ پاکستان میں اب تک کورونا سے ہونے والی ہلاکتوں میں سب سے زیادہ 14 ہلاکتیں سندھ میں ہوئی ہیں جب کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں 11،11، گلگت میں 3 اور بلوچستان میں ایک ہلاکت ہوئی ہے۔ جمعہ کو ملک بھر سے 5 ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں جو سندھ اور خیبرپختونخوا میں ہوئیں، سندھ میں 3 ہلاکتیں کراچی اور ایک حیدرآباد میں ہوئی جب کہ کے پی میں سوات اور مانسہرہ کے رہائشی 65 اور 45 سالہ مریض مہلک وائرس کے باعث انتقال کرگئے۔
آج کورونا کے کیسز کی صورتحال
آج بروز ہفتہ ملک بھر میں اب تک کورونا وائرس کے 125 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جن میں سے پنجاب میں 60 ، سندھ 56، اسلام آباد 7 اور آزاد کشمیر سے 3 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
پنجاب
آج پنجاب میں اب تک کورونا وائرس کے مزید 60 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ ہوئے ہیں۔ سرکاری پورٹل کے مطابق صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 1072 ہوگئی ہے البتہ صوبائی حکومت کی جانب سے اب تک 1069 کیسز کی تصدیق سامنے آسکی ہے۔ گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صوبے میں 1069 کیسز کی تصدیق کی تھی۔ صوبے میں اب تک کورونا سے 11 افراد جاں بحق بھی ہوچکے ہیں۔ عثمان بزدار کے مطابق لاہور میں 210، ننکانہ 13، قصور 1، شیخوپورہ 1، راولپنڈی 55، جہلم 29، اٹک 1، گوجرانوالہ 15، سیالکوٹ 2، نارووال 2، گجرات 95، حافظ آباد 5، منڈی بہاؤالدین 14، ملتان 2، وہاڑی 19، فیصل آباد 9، چنیوٹ 1، رحیم یار خان 5، سرگودھا 10، میانوالی 3، خوشاب 1، بہاولنگر 3، بہاولپور 2، لودھراں 2، لیہ 1 اور ڈی جی خان میں 5 مریض ہیں۔ پنجاب میں اب تک ہونے والی 11 ہلاکتوں میں سے لاہور میں 5، راولپنڈی میں 4 جبکہ رحیم یار خان اور فیصل آباد میں ایک ایک ہلاکت ہوئی ہے۔ جب کہ صوبے بھر میں اب تک کورونا کے 6 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔
سندھ
سندھ میں آج بروز ہفتہ کورونا وائرس کے اب تک مزید 56 کیسز سامنے آچکے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 839 بتائی گئی ہے۔ جب کہ صوبائی محکمہ صحت کی جانب سے 47 نئے کیسز کے ساتھ 830 کیسز کی تصدیق کی گئی ہے اور صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 14 ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق کراچی میں 38، حیدرآباد 1، بدین 1، جامشورو 2 اور ٹنڈو محمد خان میں 5 کیسز کی تصدیق ہوئی۔ محکمہ صحت کی سمری کے مطابق صوبے میں سب سے زیادہ کیسز کراچی میں ہیں جن کی تعداد 380 ہے۔ بروز جمعہ صوبے میں کورونا وائرس سے 3 ہلاکتیں ہوئیں جن میں سے 2 کراچی اور ایک حیدرآباد سے رپورٹ ہوئی۔ سندھ میں اب تک کورونا سے ہونے والی 14 ہلاکتوں میں سے صرف کراچی میں 12 ہلاکتیں ہوئیں جب کہ حیدرآباد میں تعداد 2 ہے۔ سندھ میں اب تک کورونا وائرس سے کل 74 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں جس کی تصدیق صوبائی ترجمان مرتضیٰ وہاب نے کی۔
اسلام آباد
آج بروز ہفتہ اسلام آباد میں کورونا وائرس کےمزید 7 کیسز سامنے آئے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے۔ پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں کیسز کی مجموعی تعداد 75 ہوگئی ہے۔
آزاد کشمیر
آزاد کشمیر میں آج بروز ہفتہ کورونا وائرس کے مزید 3 کیسز سامنے آئے ہیں جس کی تصدیق وزیر صحت کی جانب سے کی گئی ہے۔ وزیر صحت ڈاکٹر نجی نقی کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 12 ہوگئی ہے۔ وزیر صحت نے بتایا کہ آزاد کشمیر میں ایک مریض کورونا سے صحت یاب ہوا ہے۔ واضح رہے کہ آزاد کشمیر میں بھی کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے 24 مارچ سے تین ہفتوں کے لیے لاک ڈاؤن ہے۔
خیبرپختونخوا
صوبے میں جمعہ کے روز کورونا سے مزید 2 افراد کی ہلاکت ہوئی جس کے بعد کے پی میں کورونا سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 11 ہوگئی۔ صوبائی وزارت صحت کے مطابق سوات اور مانسہرہ کے رہائشی 65 اور 45 سالہ مریض مہلک وائرس کے باعث انتقال کرگئے۔ جب کہ صوبے میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 343 ہے۔
بلوچستان
بلوچستان میں جمعہ کو کورونا وائرس کے مزید کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی مجموعی تعداد 175 ہوگئی۔ صوبائی حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی کے مطابق 9 ڈاکٹروں سمیت 38 افراد میں مقامی طور پر کورونا وائرس منتقل ہونے کی تصدیق ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ صوبے میں اب تک کورونا وائرس سے ایک ہلاکت ہوئی جب کہ 19 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔
گلگت بلتستان
بروز جمعہ گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے مزید 6 کیسز سامنے آئے جس کے بعد علاقے میں کیسز کی مجموعی تعداد 193 ہوگئی ہے۔ مشیر اطلاعات گلگت بلتستان کے مطابق نئے کیسز استور، نگر اور گلگت سے سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ علاقے میں مہلک وائرس سے متاثرہ 9 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 3 افراد وفات پاچکے ہیں۔ خیال رہےکہ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں میں وائرس کی تشخیص کرنے والے ڈاکٹر اسامہ بھی شامل ہیں۔
14 اپریل تک لاک ڈاؤن جاری
پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافے کے بعد ملک بھر میں 23 مارچ سے جاری لاک ڈاؤن میں 14 اپریل تک توسیع کردی گئی ہے۔ اس کے علاوہ صورتحال پر قابو پانے کے لیے پاکستان بھر میں فوج بھی تعینات ہے۔
مسافر ٹرینیں بند، بین الاقوامی فلائٹ آپریشن جزوی بحال
وزارت ریلوے نے 24 مارچ کی رات 12 بجے سے ملک بھر میں ٹرین آپریشن معطل کر رکھا ہے جو پہلے 31 مارچ تک بند رکھا گیا لیکن وفاقی حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن میں 14 اپریل کی توسیع تک ٹرین آپریشن بھی معطل رہے گا البتہ پی آئی اے کو جزوی طور پر انٹرنیشنل فلائٹ آپریشن کی اجازت دی گئی ہے۔
سندھ بھر میں لاک ڈاؤن میں 14 اپریل تک توسیع
کراچی سمیت سندھ بھر میں لاک ڈاؤن میں 14 اپریل تک توسیع کردی گئی جبکہ تعلیمی ادارے بدستور 31 مئی تک بند رہیں گے۔ یاد رہے کہ سندھ اور پنجاب میں پہلے ہی باجماعت نمازوں پر پابندی عائد کی جاچکی ہے جب کہ جمعہ کے روز سندھ میں 12 سے 3 بجے تک مکمل لاک ڈاؤن کیا گیا۔
کورونا سے مرنے والوں کی تدفین کیلیے ڈبلیو ایچ او کی گائیڈ لائنز
عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس کے باعث مرنے والوں کی تدفین کے لیے گائیڈ لائنز جاری کر دیں جس میں کہا گیا ہےکہ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تدفین میں احتیاط انتہائی ضروری ہے۔ گائیڈ لائنز کے مطابق خاندان کے افراد اور دوست ایک میٹر کے فاصلے سے جنازے کو دیکھ سکتے ہیں لیکن لاش کو ہاتھ نہیں لگا سکتے نہ ہی چوم سکتے ہیں۔
جہاں بھی لوگ جمع ہوسکیں وہاں مکمل لاک ڈاؤن ہے: وزیراعظم
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہےکہ کورونا وائرس کیخلاف جنگ کیسے لڑنی ہے اس کا فیصلہ عوام کرے، جہاں بھی لوگ جمع ہوسکیں وہاں مکمل لاک ڈاؤن ہے ، کوئی نہیں کہہ سکتا کہ وائرس کتنی تیزی سے پھیلے گا۔
جانیے: کورونا وائرس کوئی بائیولوجیکل ہتھیار ہے یا کسی سازش کا نتیجہ؟
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے سازشی نظریات نے عوام کو تشویش میں مبتلا کر دیا۔ جیو نیوز نے ان سوالات کا جواب ڈھونڈنے کی کوشش کی ہے۔
کورونا جنگ عظیم دوئم کے بعد بدترین بحران قرار
اقوام متحدہ نے دنیا بھر میں پھیلے کورونا وائرس کو جنگ عظیم دوئم کے بعد بدترین بحران قرار دیا ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث دنیا کی موجودہ صورت حال جنگ عظیم دوئم کے بعد پیدا ہونے والی بدترین صورت حال کا منظر پیش کر رہی ہے۔
کورونا سے انتقال کرنیوالوں کی تدفین میں چند ورثا افراد جائیں گے
ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی نماز جنازہ اور تدفین میں صرف گھر کے چند ورثا کو جانے کی اجازت دی جارہی ہے جب کہ یہ اقدام وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کیا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ وائرس سے انتقال کرنے والوں کا غسل اور تدفین کرنے والوں کو ماسک، دستانے اور دیگر حفاظتی تدایبر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ کراچی میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی تدفین کے لیے 5 قبرستان مقرر کردیے گئے ہیں۔