پولیس ٹریننگ سکول مینگورہ میں پاسنگ آؤٹ تقریب

سوات(زما سوات ڈاٹ کام) نگران وزیر برائے مواصلات و تعمیرات محمد علی شاہ کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا پولیس نے جانوں کی قربانی دے کر امن قائم کیا، امن اور وطن کی مٹی کی خدمت کے لئے پولیس جوانوں کی ان خدمات کو سلام پیش کرتا ہوں، ماضی میں ضلع ناظم کی حیثیت سے بھی سوات پولیس کی خدمت کا موقع ملا تو حیثیت سے بڑھ کر سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کی اور کامیاب بھی رہا، نگران وزیر کی حیثیت سے جب دوبارہ خدمت کا موقع ملا ہے تو پولیس ٹریننگ سکول میں سہولیات بہتر کرنے کی بھرپور کوشش کروں گا، پولیس ٹریننگ سکول کو وسعت دینے کے لئے اراضی، چار دیواری کی تعمیر اور مسجد کے توسیعی منصوبے پر کام کے لئے اقدامات کرنے کی تجاویز پیش کی گئی ہیں، اس ضمن میں موجودہ حکومت کے سامنے یہ تجاویز رکھی جائیں گی، موجودہ صورتحال میں پولیس ٹریننگ سکول میں سہولیات کو مستحکم کرنا نہایت ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولیس ٹریننگ سکول مینگورہ میں پولیس پاسنگ آؤٹ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب میں کیا۔ تقریب میں ڈی ائی جی ٹریننگ فیروز شاہ نے بھی شرکت کی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوات سہیل احمد اور ڈائریکٹر پولیس ٹریننگ سکول سوات نور جمال کے ساتھ ساتھ پولیس آفیسرز،جوانوں اور مقامی عمائدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مہمان خصوصی نگران وزیر محمد علی شاہ نے پیریڈ کا معائنہ کیا اور ٹریننگ کے دوران بہترین کارکردگی پر جوانوں میں شیلڈ تقسیم کئے۔ تقریب میں پاسنگ آؤٹ اہلکاروں کی جانب سے مہارت کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔ بطور مہمان خصوصی خطاب میں نگران وزیر محمد علی شاہ کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا پولیس ایک منظم اور پروفیشنل فورس کے طور ابھری ہے اور وقت کے ساتھ ساتھ اس میں مزید نکھار آرہا ہے۔ انہوں نے ٹریننگ مکمل کرنے والے پولیس جوانوں کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ پولیس جوان پوری فرض شناسی سے اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

Police Training school
Comments (0)
Add Comment