سوات(زما سوات ڈاٹ کام) کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسفزئی نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ملاکنڈ ڈویژن کے اضلاع میں آنے والی پولیو مہم کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔اجلاس میں ریجنل پولیس آفیسر سجاد خان نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران نے شرکت کی جبکہ کوآرڈینیٹر پولیو ڈاکٹر خواجہ عرفان نے تیاریوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس میں پولیومہم کے لیے لاجسٹک، ٹیموں کی تشکیل اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیاگیا۔ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کرتے ہوئے کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسفزئی نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ٹیموں کو بھرپور تعاون فراہم کریں۔انہوں نے کہاکہ تمام بچوں کو قطرے پلانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جانی چاہیے اور اس عمل کی کڑی نگرانی کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔کمشنر ملاکنڈ نے ہدایت کی کہ پولیو ویکسینیشن کے معیار پر سختی سے عمل کیا جائے اور مسائل کی فوری اطلاع دی جائے۔انہوں نے کہا کہ پولیو وائرس کو ہر قیمت پر ختم کرنا ہے اور یہ سب کا قومی فریضہ ہے۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن نے کہا کہ ملک سے پولیو وائرس کے مکمل خاتمے میں پولیو ٹیموں اور والدین کا کردار انتہائی اہم ہے۔