سوات (زما سوات ڈاٹ کام ۔20جولائی 2017ء )چیئرمین ڈیڈک سوات فضل حکیم نے کہا ہے کہ ملک میں پہلی بار کرپشن کے بڑے بڑے برج الٹنے والے ہیں،صوبائی حکومت نے عوام کے فلاح و بہبود کیلئے جو اقدامات اٹھائے ہیں ماضی میں اُن کی مثال نہیں ملتی۔صوبائی حکومت نے موثرقانون سازی کے ذریعے ایک ایسے نظام کی بنیاد رکھ دی ہے جہاں وزیراعلیٰ سمیت کسی بھی وزیراورسرکاری عہدیدار کا احتساب ممکن ہوگیاہے جو نئے پاکستان کے قیام کی جانب ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ضلع سوات میں کرپٹ عناصر کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے افسران اور اہلکارخود کوعوام کا خادم سمجھ کر اُن کے مسائل حل کریں اور ان کو شکایت کا موقع نہ دیں بصورت دیگر ضلع بدرکئے جائیں گے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے لنڈیکس لنک روڈ پرجاری کام کا معائنہ کرتے ہوئے کیاانہوں نے کہاکہ ہم عوام کی ہر مشکل کو حل کرنے کیلئے اپنے بھرپور جدوجہد کررہے ہیں اور عوام کی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑینگے ۔چےئر مین ڈ یڈک سوات فضل حکیم خان نے سختی سے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ لوٹ مار کا دور ختم ہو گیا ہے ضلع سوات میں تعمیراتی کام میں معیار پر سمجھوتے کی کوئی گنجائش نہیں اور غلط میٹریل استعمال کرنے والوں کے ساتھ کو ئی رعایت نہیں کی جائے گی۔انھوں نے کہا کہ عوام کا پیسہ عوام کی حالت زندگی بہتر بنانے پر خرچ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کا بنیادی مقصد ملک سے حقیقی معنوں میں کرپشن ،ظلم ،نا انصافی کا خاتمہ اور ایک پُرامن معاشرہ کا قیام ہے۔انہوں نے کہا کہ پی کے 80میں لنک سڑکوں پر تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے اور بہت جلد یہ پایہ تکمیل تک پہنچ جائیگا۔
اشتہار