چارسدہ (زما سوات) ڈھب بانڈہ روڈ پر پولیس اور اسٹریٹ کرمنلز کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار جبکہ دوسرا فرار ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق، سٹی پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ دو مشکوک موٹر سائیکل سوار کسی واردات کی نیت سے علاقے میں موجود ہیں، جس پر پولیس نے فوری کارروائی کی۔ تاہم، پولیس کے پہنچتے ہی ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی، جس پر پولیس نے حکمت عملی کے تحت جوابی کارروائی کی۔ فائرنگ کے بعد کیے گئے سرچ آپریشن میں ایک زخمی ملزم کو گرفتار کر لیا گیا، جبکہ دوسرا رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر فرار ہوگیا۔
گرفتار ملزم کی شناخت شایان ولد رشید، سکنہ بہول خیل چارسدہ کے نام سے ہوئی، جس کے قبضے سے ایک پستول اور موٹر سائیکل برآمد کر لی گئی۔ پولیس کے مطابق، ملزم متعدد سنیچنگ وارداتوں میں ملوث تھا اور پہلے سے پولیس کو مطلوب تھا۔
فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے اور پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی مشکوک شخص کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ حکام کو دیں۔