چکدرہ: امیر آباد میں موٹرکار اور موٹرسائیکل کے درمیان افسوسناک تصادم کے نتیجے میں تین نوجوان جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے نوجوان موٹرسائیکل پر سوار تھے اور چکدرہ سے تیندوڈاگ جا رہے تھے۔
حادثے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت عباس ولد محمد عارف، احمد فراز ولد گل فراز، اور وقاص ولد سعد اللہ کے ناموں سے ہوئی ہے، تینوں کا تعلق گاؤں تیندوڈاگ سے تھا۔ لاشوں کو تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال چکدرہ منتقل کر دیا گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق حادثہ تیز رفتار موٹرکار کے سبب پیش آیا۔ واقعے کے فوراً بعد مشتعل افراد نے موقع پر پہنچ کر موٹرکار پر پتھراؤ کیا اور گاڑی کے شیشے توڑ دیے، جبکہ کار کا ڈرائیور جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔