چینی وفد کا یونیورسٹی آف سوات کا دورہ، تعلیمی اور ثقافتی تعلقات مضبوط کرنے پر زور

سوات (زما سوات): یونیورسٹی آف سوات نے ایک اعلیٰ سطحی چینی وفد کی میزبانی کی، جس میں مسٹر لی رونگمینگ، مسٹر لیو چنگزوان، مسٹر شنگ لی جن، اور مسٹر وانگ یونگ چیانگ شامل تھے۔ وفد کے ہمراہ ہنرکدہ سینٹر فار ایکسیلینس کی ڈائریکٹر مسز آمنہ شاہ اور مسٹر جمال شاہ بھی موجود تھے۔

وفد کا استقبال یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حسن شیر نے کیا، جنہوں نے مہمانوں کو سوات کی تاریخ، یونیورسٹی کے قیام، اور اس کے تعلیمی کردار پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وائس چانسلر نے وفد کو بدھ مت کے تاریخی ورثے کو اجاگر کرنے اور اس کے ذریعے سیاحت اور ثقافتی ہم آہنگی کو فروغ دینے کی دعوت دی۔

پروفیسر ڈاکٹر حسن شیر نے چینی جامعات کے ساتھ تعلیمی اور تحقیقی تعاون کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے مشترکہ تحقیقی منصوبوں اور تعلیمی تبادلوں کے پروگرامز شروع کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

چینی وفد نے یونیورسٹی آف سوات کی جانب سے ثقافتی ورثے کے تحفظ اور سیاحت کے فروغ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا اور دونوں اداروں کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

دورے کے اختتام پر وائس چانسلر نے چینی مہمانوں کو سوات کی مہمان نوازی کی علامت کے طور پر روایتی شالیں اور تحائف پیش کیے۔