سوات (بیورو رپورٹ) ڈسٹرکٹ بار سوات ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات برائے سال 2025-26 مکمل ہوگئے، جس میں محمد مشتاق خان ایڈووکیٹ صدر اور محمد ایوب ایڈووکیٹ جنرل سیکرٹری منتخب ہوگئے۔ انتخابات کے موقع پر ڈسٹرکٹ کورٹ میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
انتخابات کے حتمی نتائج کے مطابق صدر کے عہدے پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار محمد مشتاق خان نے 222 ووٹ حاصل کیے، جب کہ ان کے مد مقابل محمد کرم خان نے 217 ووٹ حاصل کیے۔ جنرل سیکرٹری کے عہدے پر پاکستان پیپلز پارٹی کے محمد ایوب نے 233 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی، جب کہ ان کے مدمقابل ساجد علی نے 206 ووٹ حاصل کیے۔
نائب صدر کے عہدے پر محمد الیاس خان ایڈووکیٹ نے 270 ووٹ حاصل کیے، جب کہ شوکت سلیم کو 171 ووٹ ملے۔ جائنٹ سیکرٹری کی نشست پر محمد اویس شاہین ایڈووکیٹ نے 229 اور ان کے حریف ذاکر اللہ نے 213 ووٹ حاصل کیے۔
فنانس سیکرٹری کے عہدے پر بابر نعیم ایڈووکیٹ نے 272 ووٹ حاصل کرتے ہوئے میدان مار لیا، جب کہ ان کے حریف نیاز سکندر کو 170 ووٹ ملے۔ لائبریری سیکرٹری کے لیے نائلہ ناز ایڈووکیٹ نے 251 ووٹ حاصل کیے اور ان کے مخالف محمد علی 180 ووٹ لے سکے۔
انتخابات میں وکلاء برادری نے بھرپور حصہ لیا، جبکہ پولنگ کا عمل پُرامن طریقے سے مکمل ہوا۔ منتخب کابینہ نے وکلاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بار کے وقار اور وکلاء کے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔