اشتہار

ڈپٹی کمشنر سوات جنید خان کی زیر صدارت صحت عامہ سے متعلق اجلاس

اشتہار

سوات(زما سوات ڈاٹ کام )  ضلع سوات میں صحت عامہ سے متعلق اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس سیدو شریف میں منعقد ہوا۔ ڈپٹی کمشنر سوات جنید خان نے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ضلعی انتظامی آفیسرز اور ہیلتھ حکام شریک ہوئے۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر سوات ڈاکٹر محمد سلیم خان نے سوات میں صحت عامہ کی مجموعی صورتحال اور قلاگے میں قے اور دست سے متاثرہ افراد کے علاج کے لئے کئے گئے اقدامات پر اجلاس کو بریف کیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ قلاگے میں قے اور دست سے متاثرہ افراد کے علاج کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے گئے ہیں۔ اجلاس میں ڈاکٹر محمد سلیم خان کا کہنا تھا کہ قلاگے، دیولائی، محابنڈ اور کبل میں صحت مراکز اور ہسپتالوں میں اضافی سٹاف اور میڈیسن کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے جہاں علاج و معالجہ جاری ہے۔ ڈاکٹر محمد سلیم خان کا کہنا تھا کہ متاثرہ علاقوں میں ٹیمیں گھر گھر بھی صحت خدمات فراہم کر رہی ہیں۔ ڈاکٹر محمد سلیم خان کا کہنا تھا کہ 10 مریضوں کی حالت تشویشناک ہونے پر سیدو ہسپتال پہنچایا گیا جہاں علاج کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ میڈیکل ٹیموں نے تین دنوں کے دوران 856 مریضوں کا معائنہ کیا جبکہ 116 مریض مختلف صحت مراکز اور ہسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں۔ ڈی ایچ او کا کہنا تھا کہ متاثرہ علاقوں اور ارد گرد کی آبادیوں میں آگاہی مہم بھی جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر سوات جنید خان نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنرز کو واٹر ٹینکوں کو کلورین کرنے اور صفائی کے لئے اقدامات کرنے کے احکامات جاری کئے۔ عوام سے اپیل میں ڈی ایچ او ڈاکٹر محمد سلیم خان کا کہنا تھا کہ مون سون بارشوں سے پانی کے ذخائر خصوصاً واٹر ٹینکوں اور چشموں کے صاف پانی میں مضر صحت پانی شامل ہوجاتا ہے جس سے پیٹ کے امراض جنم لیتے ہیں جو کہ دست اور قے کا سبب بنتا ہے۔ڈی ایچ او نے مون سون بارشوں کو مدنظر رکھتے ہوئے پانی اوبال کر پینے اور بازاروں میں خوراک سے پرہیز کرنے اور صفائی خصوصاً ہاتھوں کی صفائی یقینی بنانے کی تلقین کی۔ ان کا کہنا ہے کہ صورت حال قابو میں ہے، کیسسز کے خاتمے تک  اضافی عملہ متاثرہ علاقوں   میں تعینات رہے گا اور صورتحال کی مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔

اشتہار

Deputy Commissioner Swat
Comments (0)
Add Comment

اشتہار