سوات: ڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان مروت سے بریکوٹ قومی جرگہ کے نمائندہ وفد نے سابق ڈائریکٹر اطلاعات نورالہادی اور عجب خان کی سربراہی میں ملاقات کی۔ ملاقات ڈپٹی کمشنر آفس کے کانفرنس روم میں ہوئی، جس میں امن و امان، ترقیاتی امور، اور عوامی مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
وفد میں نورالہادی، بختیار خان، عجب خان، واحد کرم خان سمیت جرگہ کے دیگر عمائدین شامل تھے۔ جرگہ اراکین نے انتظامیہ کی توجہ دریائے سوات میں غیر قانونی مائننگ، تجاوزات، بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، بریکوٹ ہسپتال میں سہولیات کی کمی، سیلاب متاثرین کی بحالی، منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان اور پولیس گشت کی بحالی جیسے مسائل کی جانب مبذول کرائی۔
ڈپٹی کمشنر سوات نے جرگہ اراکین کے مسائل غور سے سنے اور ان کے حل کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام اور عوامی فلاح کے لیے انتظامیہ، پولیس اور عوام کے درمیان تعاون ضروری ہے۔ ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ خطے میں دیرپا امن اور ترقی کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔