سوات(زما سوات ڈاٹ کام )ڈی ایس پی مدین پر چادر چار دیواری کا مبینہ تقدس پامال کرنے کا الزام، بحرین کے رہائشی نے میڈیا کو بتایا کہ ڈی ایس پی مدین بغیر لیڈی کانسٹیبل کے ان کے گھر میں گھس گئے اور میرا ذاتی موٹر سائیکل اپنے ساتھ لے گئے۔ سوات کی تحصیل بحرین کے علاقہ چم گھڑی کے رہائشی محمد عالم نے فون پر میڈیا کو بتایا کہ ڈی ایس پی مدین فضل سبحان نے بغیر لیڈی کانسٹیبل کے میرے گھر میں گھس کر چادر و چاردیواری کا تقدس پامال کیا،میں ایک شیرف شہری ہوں اور صلح و جرگے کے ذریعے مقامی مسائیل حل کرتا ہوں، پولیس کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا ہے جس کی گواہی پورا تحصیل بحرین دے سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ میرا بیٹا محمد رفیق جوکہ خود پولیس کانسٹیبل ہے ڈی ایس پی فضل سبحان نے اس پر موٹرسائیکل چوری کا الزام لگایا اور بغیر لیڈی کانسٹیبل کے چم گھڑی میں واقع میرے گھر گھس کر چادر و چاردیواری کا تقدس پامال کیا، بچوں اور خواتین کو ڈرایا دھمکایا اور میرا ذاتی بائیک لے گیا، جبکہ چوری شدہ بائیک کیدام میں ایک تھرکان سے برآمد ہوگیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بحرین میں ایس ایچ او موجود ہے، کیدام میں پولیس چوکی ہے اس کے باوجود ڈی ایس پی خود اس لئے میرے گھر میں گھس گیا کہ اپنی غنڈہ گردی اور رعب جما سکیں۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم نے محرر طاہر کی موجودگی میں پولیس سٹیشن بحرین کے سامنے احتجاج کیا تو ایس ایچ او بحرین، اے سی بحرین اور علاقہ مشران نے معاملہ رفع دفع کیا ۔