اشتہار

کالام،کنئی میں فائرنگ سے ایک شخص زخمی،اتروڑ کے عوام کا لاتعلقی کا اظہار

اشتہار

سوات (زما سوات ڈاٹ کام۔ایچ ایم کالامی) سوات کی وادی کالام کے علاقہ کنئی میں فائرنگ سے ایک شخص شدید زخمی، تشویشناک حالت میں سیدو اسپتال منتقل، اتروڑ کے عوام کا حملے سے لاتعلقی کا اظہار۔سوات کی وادی کالام میں اتروڑ سے متصل علاقہ کنئی میں اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں گھر کے باہر موجود محمد حسین نامی ایک شخص شدید زخمی ہوگیا، جس کو تشویشناک حالت میں سیدو شریف اسپتال منتقل کردیا گیا۔ زخمی نوجوان کے بھائی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے اتروڑ کے عوام پر الزام عائید کیا ہے کہ ان پر دریائے سوات کے پار قریبی پہاڑی سے حملہ کیا گیا، تاہم اتروڑ کے مشران نے اس حملے سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے اور ملزمان کی کھوج میں انتظامیہ کے ساتھ ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ واقعے کے بعد جب پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی تو ایک بار پھر قریبی پہاڑی سے فائرنگ کی گئی، تاہم دوسری فائرنگ سے کسی قسم کا نقصان نہیں ہوا۔ اس حوالے سے ایس پی اپر سوات درویش خان سے بات کی گئی تو ان کا کہنا تھا کہ وہ جائے وقوعہ پر پہنچ چکے ہیں اور ملزمان کی تلاش جاری ہے، آخری اطلاع تک پولیس کو کسی نے دعویداری نہیں کی ہے اور ملزمان کی نشاندہی نہیں ہوسکی ہے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل بٹندر کالام اور اتروڑ کے عوام کے مابین زرعی اراضی کے تنازعہ پر جھڑپ میں پانچ افراد جاں بحق، جبکہ پچیس سے زائد زخمی ہوچکے تھے۔ جس کے بعد سیاسی و غیرسیاسی عمائیدین کے گرینڈ جرگہ نے اتروڑ کالام شاہراہ آمد و رفت کے لئے کھولنے، محصورین کو ایک دوسرے کے حوالے کرنے اور اگلے جرگے تک امن معاہدہ کے تحت کسی قسم اشتعال انگیزی سے باز رہنے کا فیصلہ کیا تھا اور امن معاہدہ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹنے کا اعلامیہ جاری کردیا تھا۔حالیہ واقعے کے بعد گرینڈ جرگہ نے بھی برہمی کا اظہار کیا ہے اور انتظامیہ سے اصل ملزمان سامنے لانے کی اپیل کی ہے۔اس حوالے سے ڈی پی او سوات سے رابطے کی کوشش کی گئی، مگر ان سے رابطہ ممکن نہ ہوسکا۔حالیہ واقعے کے بعد علاقے میں ایک بار پھر تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور عوام نے انتظامیہ سے فوری حرکت میں آنے کا مطالبہ کرلیا ہے۔

اشتہار

Kalam Utror Clash
Comments (0)
Add Comment

اشتہار