کالام شاہی باغ میں کشتی حادثہ، دو خواتین جاں بحق، تین افراد لاپتہ

سوات (کالام): شاہی باغ کالام میں ایک افسوسناک واقعہ اُس وقت پیش آیا جب ایک تفریحی کشتی انجن بند ہونے کے باعث الٹ گئی۔ کشتی میں مرد، خواتین اور بچے سوار تھے۔

واقعے کے نتیجے میں 10 افراد زخمی ہوئے، جن میں سے 7 کو ریسکیو 1122 کی ٹیم نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے قریبی اسپتال منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں نے دو خواتین کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی۔

ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کے بعد تین افراد تاحال لاپتہ ہیں، جن کی تلاش کے لیے واٹر ریسکیو اور سرچ آپریشن جاری ہے۔ ریسکیو 1122 کی ٹیم جائے وقوعہ پر موجود ہے اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔