سوات(زما سوات ڈاٹ کام) کالام کے شاہی گراؤنڈ پر سیکشن 4کے نفاذ کے خلاف علاقہ عمائدین نے احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کردیا۔ ذرائع کے مطابق کالام کے شاہی گراونڈ میں کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کے لئے صوبائی حکومت نے شاہی گراونڈ پر سیکشن فور لگانے کا فیصلہ کرلیا ہے اور گراؤنڈ کی زمین سستے نرخ پر قوم سے خریدی جائے گی۔ سیکشن فور کے فیصلے کے خلاف علاقہ عمائدین نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ یہ واحد زمین ہے کالام کے لوگوں کے پاس جس پر ہر سال فیسٹول کا انعقاد بھی کیا جاتا ہے،ہیلی پیڈ کے لئے استعمال ہوتا ہے جبکہ کالام قوم کے جرگے بھی یہاں منعقد ہوتے ہیں۔ کالام شاہی گراونڈ پر سیکشن فور کا نفاذ علاقہ کے لوگوں کے ساتھ ذیادتی اور نا انصافی ہے۔ لوگوں نے بتایا کہ صوبائی حکومت کے اس اقدام کے خلاف احتجاجی تحریک چلائی جائے گی۔